پاکستان

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات سے قبل دھاندلی کی بھارتی کوششوں کو مسترد کر دیا

اسلام آباد 19 اگست (کے ایم ایس)
پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتخابات سے قبل دھاندلی اور خفیہ سازباز کی دانستہ بھارتی کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عارضی رہائشیوں کو بطور ووٹرز رجسٹر کرنے کی اجازت دینے کا حالیہ اعلان بھارت کے دھوکہ دہی پر مبنی منصوبے کا واضح اظہار ہے جس کے ذریعے وہ مقبوضہ علاقے میں انتخابی ڈھونگ کے نتائج پر اثر انداز ہو رہا ہے۔انہوں نے بھارت کے ان اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ 5اگست 2019کے بعد غیر قانونی اور یکطرفہ مذموم اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کوکمزورکرنے میں کامیاب نہیں ہو گا اور نہ ہی اقوام عالم کو گمراہ کر سکے گا۔انہوںنے بھارت پرزوردیا کہ وہ ایسے تمام اقدامات سے باز رہے جو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کوغیر قانونی طورپر گرفتار کئے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ، مقبوضہ کشمیرمیںجاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوبنداور کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دینا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارت کی کوششوں کا فوری نوٹس لے اورانسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارت کوجواب دہ بنائے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button