مقبوضہ جموں و کشمیر

جامع مسجد سرینگراور درگاہ حضرت بل سمیت تمام مذہبی مقامات کھولنے کا مطالبہ

jamahazratbal

 

سرینگر 09 اکتوبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے نظربند سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے مسلمانوں کو ربیع الاول کے مقدس مہینے کی آمد پر دلی مبارکباد دی ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے آخری نبی حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ رحمت اللعالمین پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺکی آمد نے پوری انسانیت کو روشن کیا۔بیان میں کہاگیا کہ اس مبارک مہینے کے آغاز پر بھی مقبوضہ جموںو کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہیں – مرکزی جامع مسجد سرینگر ، درگاہ حضرت بل اور دیگر اہم مذہبی مقامات قابض حکام کی ہدایات پر مسلسل بند ہیں جس کی وجہ سے نہ تو مسلمان نماز جمعہ جیسا اہم فریضہ انجام دے سکتے ہیں اور نہ ہی میرواعظ کشمیر کو جو گزشتہ 26 ماہ سے گھر میں نظر بند ہیں ، اپنی مذہبی ذمہ داریاں اور فرائض پورے کرنے کی اجازت ہے جس کا تقاضامیر واعظ کا ادارہ ان سے کرتاہے۔انجمن نے قابض حکام کے آمرانہ رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف کشمیری عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے بلکہ یہ مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں سراسر مداخلت ہے جو ناقابل قبول ہے۔انجمن نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے کی آمد کے پیش نظر قابض حکام کو جامع مسجد سرینگر اور درگاہ حضرت بل سمیت تمام مذہبی مقامات پر عائد ناجائز پابندیاں ختم کرنی چاہیے تاکہ عوام کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button