مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر: انتظامیہ نے کشمیری مسلمانوں کو آج جمعتہ الوداع پر جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا
سرینگر14 اپریل (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے آج جمعتہ الوداع پر کشمیری مسلمانوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ضلعی مجسٹریٹ سرینگر اور پولیس حکام آج صبح ساڑھے نو بجے کے قریب جامع مسجد پہنچے اور مسجد کے دروازوں کو تالے لگا دیے۔ بیان میں کہا گیا کہ پولیس حکام نے انجمن کو بھی مطلع کیا کہ مسجد میں آج نماز جمعہ پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔
انجمن اوقات نے انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ان ہزاروں مسلمانوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہوگا جو سرینگر کے علاوہ مقبوضہ وادی کے دیگر حصوں سے نماز جمعہ ادا کرنے کیلئے جامع مسجد پہنچتے ہیں۔