بھارت:500 کروڑ روپے کے رشوت اسکینڈل میں میونیشنز انڈیا کا اعلیٰ عہدیدار گرفتار
نئی دہلی: بھارت کے آڈیٹرز نے دفاعی شعبے کے سرکاری اداروں میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کے ساتھ ساتھ مقررہ مدت میں معاہدوں کی تکمیل میں ناکامی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہمکمل ادائیگی کے باوجود سامان فراہم نہیں کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) نے دفاعی شعبے کے سرکاری اداروں سے متعلق اپنی رپورٹ نمبر 34 برائے 2025ءپارلیمنٹ میں پیش کی جس میں انکشاف کیا گیا کہ میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کے زیر انتظام بارہ فیکٹریوں میں 4,286 کروڑ روپے مالیت کا ذخیرہ موجود تھا۔
اس سے متعلق ایک دوسری آڈٹ رپورٹ نمبر 28 برائے 2025ءمیں انکشاف کیا گیا کہ جانچے گئے 72 فیصد معاہدوں کے تحت سامان مقررہ مدت کے اندر فراہم نہیں کیا گیا، حالانکہ آپریشن سندور کے بعد وزارتِ دفاع نے اہم دفاعی سازوسامان کی خریداری کے لیے ای پی-6 کے تحت تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے مختص کیے تھے۔
13 اکتوبر 2026ءکو مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) نے میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انیل کمار، ایس ایم پی پی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈائریکٹر پروموٹر آشیش کنسل اور انیل کمار کے بھائی بی ہریش وردھن کو گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاریاں 12 اکتوبر کو مقدمہ درج کیے جانے کے ایک روز بعد عمل میں آئیں۔
یہ مقدمہ سرکاری ادارے میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کے ساتھ گولہ بارود کی فراہمی کے 500 کروڑ روپے مالیت کے معاہدے سے متعلق ہے۔ تفتیش کاروں نے پونے میں انیل کمار کی رہائش گاہ سے 1.73 کروڑ روپے نقد برآمد کیے، جبکہ میسورو، بنگلورو اور نئی دہلی سے بھی 50 لاکھ روپے نقد اور قابلِ اعتراض دستاویزات برآمد کی گئیں۔ اس طرح اب تک ضبط کی گئی نقد رقم کی مجموعی مالیت تقریباً 2.23 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔
مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) کا یہ بھی الزام ہے کہ مذکورہ عہدیدار نے ایسی معلومات افشا کرنے کے عوض ”غیر قانونی مالی فوائد“ حاصل کیے، جن کے افشا ہونے سے ”قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔“
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ 20 دسمبر 2025ءکو بھی مرکزی تحقیقاتی ادارے نے محکمہ دفاعی پیداوار کے افسر لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما کو گرفتار کیا تھا، جس پر ادارے نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ دفاعی مصنوعات سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ مسلسل بدعنوانی میں ملوث ہے۔بدعنوانی کا یہ سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے۔
ایک سابقہ رپورٹ میں آڈیٹر نے انکشاف کیا تھا کہ 2007ءسے 2012ء کے دوران گیارہویں آرمی پلان کے تحت دفاعی شعبے کے سرکاری اداروں کے مجموعی معاہدوں کی مالیت کا 63 فیصد، یعنی 30,038 کروڑ روپے کے معاہدے تاخیر کا شکار ہوئے تھے۔دفاعی پیداوار میں بدعنوانی محض چوری نہیں بلکہ میدانِ جنگ میں ایسی شکست ہے جس کی قیمت پہلے ہی ادا کر دی جاتی ہے۔








