مقبوضہ جموں و کشمیر

سرینگر میں ڈاکٹروں کا احتجاج تیسرے جبکہ جموں میں چوتھے روز بھی جاری

مزید طبی اداروں کی شمولیت کے بعد احتجاج میں شدت آنے کا امکان

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اجرتوں میں اضافے، مساوی مراعات اور زچگی کی چھٹیوں کی سہولت کے مطالبات کے حق میں پوسٹ گریجویٹ (پی جی) اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کا احتجاج اتوار کو مزید شدت اختیار کر گیا۔ سرینگر میں احتجاج مسلسل تیسرے جبکہ جموں میں چوتھے روز بھی جاری رہا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل 23 نومبر سے مزید طبی اداروں کے ڈاکٹر بھی احتجاج میں شامل ہو رہے ہیں، جبکہ دیگر اداروں کے ڈاکٹروں نے احتجاج کرنے والے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ڈاکٹر معین احسن، ڈاکٹر سوشانت اور ڈاکٹر محمد حسین سمیت ڈاکٹروں کے نمائندوں نے احتجاج میں شرکت کی۔ جی ایم سی جموں کے ڈاکٹر ابھیمنیو مانہس، ڈاکٹر ابھیشیک متل، ڈاکٹر ثنا جاوید اور ڈاکٹر کے آر جے پال کے علاوہ جی ایم سی بارہمولہ کے ڈاکٹر رجت مشرا اور ڈاکٹر اویس خان نے بھی احتجاج کی حمایت کی۔ڈاکٹر ابھیمنیو مانہس نے احتجاج کے طور پر معمول کی وارڈ ڈیوٹیاں، آو¿ٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کی خدمات اور طے شدہ اختیاری آپریشنز معطل رکھنے کے فیصلے کا اعادہ کیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈاکٹروں کی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد مومن خان نے حکام کو خبردار کیا کہ وہ احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کو ہراساں کرنے یا ان کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مناسب معاوضے، زچگی کی سہولتوں اور پیشہ ورانہ فلاح و بہبود سے متعلق مطالبات جائز ہیں اور انہیں نظم و ضبط کی خلاف ورزی قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔
ریناواری ہسپتال کے ڈی این بی ریزیڈنٹ ڈاکٹر روی نے کہا کہ ڈی این بی ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو ماہانہ 48 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے اور وہ 23 نومبر سے احتجاج میں شامل ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال پلوامہ کے پی جی ریزیڈنٹ ڈاکٹر یامین نے بھی اعلان کیا کہ ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹر اسی تاریخ سے احتجاج میں شامل ہو جائیں گے۔
احتجاج میں شدت آنے کے دوران کئی گورنمنٹ میڈیکل کالجوں نے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو ہدایات جاری کیں جن میں تعلیمی شیڈول اور مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔جی ایم سی سرینگر کے شعبہ اناٹومی کے پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ نے پوسٹ گریجویٹ اسکالرز اور سینئر ریزیڈنٹس کو ہدایت دی کہ وہ تدریسی اور تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر نہ ہونے دیں۔ انہیں مقررہ ٹائم ٹیبل کے مطابق کلاسز، عملی تربیتی نشستوں اور سیمینارز کے انعقاد کو یقینی بنانے اور فرائض انجام دینے سے قاصر ہونے کی صورت میں متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
جی ایم سی بارہمولہ نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ طلبہ، ڈی این بی امیدواروں اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو ہڑتال میں شرکت سے روک دیا۔ سرکلر میں داخلے کے وقت جمع کرائی گئی یقین دہانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دریں اثناءجی ایم سی اسلام آباد نے ضروری خدمات کی بحالی کے قانون (ایسنشل سروسز مینٹیننس ایکٹ) کا حوالہ دیتے ہوئے ایک سرکلر جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ طبی خدمات ضروری خدمات کے زمرے میں آتی ہیں اور عوامی صحت کو متاثر کرنے والی کسی بھی رکاوٹ کے نتیجے میں تادیبی کارروائی ہو سکتی ہے۔
ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے ان ہدایات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اٹھائے گئے مسائل کا حل انتظامی دباو¿ کے بجائے بامعنی مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ڈاکٹر مومن خان نے طبی اداروں کے اختیار کردہ طرزِ عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خصوصی مراعات نہیں بلکہ مناسب وظیفے اور زچگی کی چھٹیوں کی سہولت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ڈاکٹروں نے حکام پر زور دیا کہ احتجاج میں مزید شدت کو روکنے کے لیے مظاہرین کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کیے جائیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button