گرپتونت سنگھ پنوں کا نیویارک میں قتل کی سازش کے ملزم کو 19 سال قید کی سزا کا خیرمقدم
سازش میں ملوث اعلیٰ بھارتی حکام کو احتساب کے دائرے میں لانے کا مطالبہ
نیو یارک: خالصتان نوازسکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے امریکی وفاقی عدالت کی جانب سے بھارتی شہری نکھل گپتا کو امریکہ کی سرزمین پر ان کے قتل کی ناکام سازش میں کردار ادا کرنے پر 19 سال سے زائد قید کی سزا سنائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس سازش میں ملوث اعلیٰ بھارتی حکام کو بھی احتساب کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خالصتان نواز تنظیم ’ ’سکھز فار جسٹس “(SFJ) کے قانونی مشیر گرپتونت سنگھ پنوں نے عدالت کے اندر اور باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی حکام کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ انہوں نے قتل کی سازش ناکام بنا کر ان کی جان بچائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 1,200 دن سے زائد عرصے سے اس خطرے کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں، تاہم وہ خالصتان تحریک کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے اس سزا کو انصاف کے حصول کی جانب ایک ابتدائی قدم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قتل کی سازش کی منصوبہ بندی، ہدایات اور مالی معاونت فراہم کرنے والے تمام افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے باوجود جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے عوام کے حقِ خودارادیت کا حصول ان کی زندگی کا مقصد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کا دائرہ بھارتی حکومت کے اعلیٰ ترین عہدیداروں تک بڑھایا جائے۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میریرو نے جمعہ کو 55 سالہ نکھل گپتا کو 235 ماہ یعنی تقریباً 19 سال اور 7 ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کرنے کا بھی حکم دیا۔ نکھل گپتا اس سے قبل کرائے کے قاتل کے ذریعے قتل کی سازش میں معاونت اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات تسلیم کر چکے ہیں۔
استغاثہ کے مطابق مئی 2023 میں بھارتی سرکاری ملازم وکاس یادو نے نکھل گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کا انتظام کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا اور اس مقصد کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کی تھی جبکہ انہیں 15 ہزار ڈالر فراہم بھی کیے گئے تھے۔ نکھل گپتا کو جون 2023 میں جمہوریہ چیک سے گرفتار کیا گیا تھا اور جون 2024 میں امریکہ کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں ، متاثرہ برادریوں اور اپنے اہلِ خانہ سے معذرت بھی کی۔
اس مقدمے میں شریک ملزم وکاس یادو کو تاحال امریکی حکام گرفتار نہیں کر سکے۔ مین ہیٹن کے امریکی اٹارنی جیمی میک ڈونلڈ نے کہا کہ یہ سزا امریکی سرزمین پر تشدد کی کارروائیوں کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگی۔
بھارتی حکومت نے عالمی سطح پر یہ موقف پیش کرنے کی کوشش کی ہے کہ اس سازش میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا۔ بھارت نے سکھز فار جسٹس پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور گرپتونت سنگھ پنوں کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میریرو نے مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں کہا کہ نکھل گپتا کو 235 ماہ کی سزا مکمل کرنے کے بعد بھارت ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ ان کے اہلِ خانہ جنہوں نے گرفتاری سے قبل تقریباً تین سال سے انہیں نہیں دیکھا تھا، نے بھارت سے انٹرنیٹ کے ذریعے عدالتی کارروائی اور سزا کا اعلان سنا۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے عدالت میں تفصیلی بیان دیتے ہوئے نکھل گپتا کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے احکامات پر عمل درآمد کرنے والا محض ایک چھوٹا کارندہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک ہندو قوم پرست رہنما ہیں جو آزادی کی تحریک کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی حکومت انہیں اس لیے قتل کرنا چاہتی ہے کیونکہ وہ سکھوں کی آزادی کی مہم کھلے عام چلا رہے ہیں اور دھمکیوں و دباﺅ کے باوجود اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹ رہے۔
امریکی استغاثہ کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں کے بھارت میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔ عدالت میں اپنے بیان کے دوران گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی سلامتی کے لیے عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے کیونکہ ان کی زندگی مکمل طور پر ان کی قوم کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی قوم کی آزادی کی قیمت کے طور پر بھارت کی گولی کھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔





