راجستھان میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مسلمان نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کر دیا
جے پور 19اگست(کے ایم ایس)بھارت کی ریاست راجستھان میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے ایک 27سالہ مسلمان نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کرقتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع الور میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے لاٹھیوں سے لیس ایک درجن سے زائد افراد کے ساتھ مل کر ایک مسلمان نوجوان وسیم کو لکڑیاں کاٹنے کے الزام پرپیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ وسیم نامی ایک نوجوان کی اس وقت موت ہو گئی جب اس کی گاڑی کو روکا گیا اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے وسیم کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ نارول گائوں سے گزر رہا تھا کہ اسے بری طرح پیٹا گیا۔مقتول کے رشتہ دار آصف نے بتایا کہ وہ درخت کے مالک کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد درخت کاٹنے کے لیے رام پور گائوں گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات کی ایک چوکی قریب ہی ہے اور وہ ہم پر جرمانہ کرسکتے ہیں، اس لیے ہم بغیر لکڑی کے واپس چلے گئے۔وسیم کے دادا نے کہا کہ جب وہ واپس آرہے تھے تو محکمہ جنگلات کی ایک گاڑی نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں روکنے کے لیے جے سی بی گاڑی کا استعمال کیا اورشدید تشدد کا نشانہ بنایا۔