مقبوضہ جموں وکشمیر: انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری
سرینگر09 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
سرینگر کے علاقے گاﺅ کدل میں لوگوں نے بجلی کے سمارٹ میٹرو ں کی تنصیب کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو لوگوں کو درپیش مشکلات کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسلسل احتجاج کے باوجود پرانا میٹر نظام بحال نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ احتجاج کی پاداش میں کئی علاقوں کی بجلی سپلائی منقطع کر دی گئی ہے۔ مظاہرین نے گاﺅ کدل (پل) کو بلاک کر دیا ۔ انہوںنے کہا کہ جب تک انتظامیہ ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں بجلی کے سمارٹ میڑوں کی تنصیب کا عمل شروع کر رکھا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ میٹر انتہائی تیز رفتار ہیں، انکے بل زیادہ آتے ہیں اور لوگ بے جابلوں کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔
دریں اثناءطلبائ، والدین اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے ایک استاد کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور راجوری تھنہ منڈی روڈ بلاک کر دی۔ انہوںنے کہا کہ محمد اشرف نامی استاد کو ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا لہذا انہیں فوراً رہا کیا جائے۔