انسانی حقوق

وزیر اعظم پاکستان کی جنرل اسمبلی میں تقریر سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، حریت رہنما

download (2)

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھانے پر پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کا حقیقی علمبردار ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کا زبردست وکیل ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ رات اپنے خطاب میں تنازعہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی کنجی قراردیتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی ادارے کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں پاکستانی وزیر اعظم کی تقریر کو کشمیریوں کی امنگوں کا حقیقی عکاسی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اٹھایا ہے اور اس کے جلد حل کے حوالے سے عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی کوششیں کی ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماﺅں خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی، محمد شفیع لون، فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حمایت غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر ، غلام محمد صفی اور الطاف حسین وانی نے اپنے بیانات میں عالمی فورم پر کشمیری عوام کے جذبات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثناءبھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان نوجوانوں کو سرینگر، پلوامہ اور بارہمولہ اضلاع میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا۔

عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانے کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیراہتمام ہونے والے مظاہرے کے شرکا ءنے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیر میں نسل کشی بند کرو “کے نعرے درج تھے۔

جنیوا میں ایک سیمینار میں مقررین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو بے دردی سے دبانے کی شدید مذمت کی۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے جاری 54ویں اجلاس کے موقع پر منعقدہ سیمینار کے مقررین میں الطاف حسین وانی، سردار امجد یوسف، مرزا آصف جرال، ایڈووکیٹ پرویز احمد، فہیم کیانی، ڈاکٹر ولید رسول، ڈاکٹر شگفتہ اشرف اور بیرسٹر علی کاظمی شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button