بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے، حریت کانفرنس
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںکشمیری حریت قیادت ، کارکن ، عام نوجوان، صحافی ، علمائے کرام ، انسانی حقوق کے کارکن وغیرہ سخت عتاب کا شکار ہیں ، اظہاررائے کی آزادی کا کشمیریوں کا حق مکمل طور پر سلب کر لیا گیا ہے ، بھارتی فورسز اور ایجنسیوں نے اپنی انتقامی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے، بے گناہ لوگوں کوپبلک سیفٹی ایکٹ اوریو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت حراست میں لیا جاتا ہے۔
حریت قیادت نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی بقا کے خطرے کا سامنا ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، آسیہ اندرابی ، نعیم احمد خان ، فاروق احمد اور رہنما دیگر جھوٹے مقدمات میں برسہا برس سے جیل میں ہیں ۔ بیان میں کہا کیا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے ،وہ کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کر رہا ہے جس پر کشمیری اسکے شکر گزار ہیں ۔ حریت قیادت نے کہا کہ کشمیری امید کرتے ہیں کہ پاکستان نہتے کشمیر یوں پر جاری بھارتی مظالم ، سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے اپنی کوششوںمیں تیزی لائے گا۔ بیان میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیکر تنازعہ کشمیرکے حل کے لیے کردار ادا کرے۔