بھارتی قبضے سے آزادی مقبوضہ جموں و کشمیر کی اصل منزل ہے : مشعال ملک
اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ فسطائی مودی اور نیتن یاہو کے نظریات عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے ایک کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ بھارتی قبضے سے آزادی مقبوضہ جموں و کشمیر کی اصل منزل اور مقدر ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ طاقت کے بے دریغ استعمال، غیر قانونی نظربندیوں، سیاسی انتقام، نقل و حرکت پر پابندیوں، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور عصمت دری سے روزانہ کی بنیاد پرکشمیریوں کی عزت نفس مجروح ہو رہی ہے۔انہوں نے اسرائیلی فورسز کی طرف سے استعمال کیے جانے والے روایتی ہتھیاروں، کیمیائی اور فاسفورس بموں سے ہونے والی تباہی کی پوری طرح سے رپورٹنگ نہ ہونے کی مذمت کی۔انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم کے بارے میں ہونے والی عالمی بحث اور کشمیری اور فلسطینی عوام کے خلاف تشدد کی وسیع پیمانے پر مذمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری اور فلسطینی عوام کی حالت زار پر فوری توجہ دیں۔اپنے شوہر اور کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشعال ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ یاسین ملک بھارتی جیلوں میں بدترین تشدد کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تشدد کے نتیجے میں یاسین ملک کی ایک آنکھ کی بینائی ضائع ہوگئی ہے اور جسم جزوی فالج کا شکار ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ انہیں اور انکی کمسن بیٹی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کے موقع پرجسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ جب خطے کی پرامن سیاسی قیادت ناحق قید میں ہو تو جموں و کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل کیسے ہوگا؟ مشعال ملک نے کہا کہ ممتاز کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کا انتقال ایک سب جیل میں ہوا۔ بھارت نے سید علی شاہ گیلانی کی آخری آرام گاہ کو بھی سب جیل بنایا ہوا ہے کیونکہ کسی کو بھی ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کے لئے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں معلومات اور مواصلات کی ناکہ بندی کی آڑ میں بھارت جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کی راہ میں روڑے اٹکا رہا ہے۔