پاکستان کا بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی پالیسیوں پر اظہار تشویش

اسلام آباد :پاکستان نے بھارت میں مودی کی ہندوتوا حکومت کے دور مسلمانوں کے ساتھ رواامتیازی پالیسوں پرسخت تشویش کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہاکہ مودی حکومت کی ریاستی سرپرستی نے ہندو انتہا پسند تنظیموں کو مزید دلیر بنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کل بابری مسجد کا 33واں یوم شہادت ہے، یہ واقعہ آج بھی مسلمانوں کیلئے تشویش اور دکھ کاباعث ہے۔بھارت میں ہندوانتہاپسندوں کی طرف سے مسلم مذہبی علامتوں اور تاریخی ورثے کو نقصان پہنچانے کے ہر عمل کا شفاف احتساب ضروری ہے۔ کسی بھی مقدس مقام کی بے حرمتی مذہبی مساوات کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے واضح کیاکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا دورہ بھارت دونوں خودمختار ممالک کا باہمی معاملہ ہے۔ بھارت اور روس کے ممکنہ دفاعی معاہدوں پر پاکستان کی کوئی مخصوص پوزیشن نہیں ہے۔ ریاستیں اپنے دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں خودمختار ہیں۔








