آزاد کشمیر

بیرون ملک مقیم کشمیری تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے: راجہ نجابت

WhatsApp Image 2023-12-19 at 3.39.27 PMمیرپور: جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمیں راجہ نجابت حسین نے کہاہے کہ قائد ملت چوہدری غلام عبا س کے مشن کی تکمیل او ر تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے بیرون ملک مقیم کشمیری اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
راجہ نجابت حسین نے میر پور آزادکشمیر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل یکم جنوری 2024سے اپنی اگلی سرگرمیوں کا آغاز میرپور آزادکشمیر سے کرے گی جبکہ برطانیہ، یورپ اور دنیا بھر کے مختلف دارالحکومتوں میں کشمیرکے حوالے سے کانفرنسیں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرپور کانفرنس میں آزادجموں وکشمیر، مقبوضہ جموں وکشمیر اور بیرون ملک متحرک ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت عالمی سطح پر بھارت کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا سکے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے حکومتی ایما پر 5اگست 2019کے بھارتی حکومت کے غیر آئینی اقدامت کی توثیق کی۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں ، آزاد کشمیر کے سیاستدانوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کے لئے اپنی کوششیں دوگنی کرناہونگی اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت قائد ملت چوہدری غلام عباس اور ان کے ساتھیوں کے نظریے، سوچ اور جدو جہد کو تیز کرنا ہوگا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیر کے 20لاکھ باشندے دنیا بھر میں مقیم ہیں اور وہ اپنے وطن کی آزادی اور پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے پہلے بھی سرگرم رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگلے سال بھرپور انداز میں منظم سیاسی اور سفارتی مہم چلائی جائے گے تا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کوبند کروایا جائے اور ریاستی عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لئے راہ ہموار ہو سکے۔ اس موقع پر موجود تمام رہنمائوں نے تحریکی سرگرمیوں اور وفود کے دوروں میں اپنی بھرپور معاونت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ سابق مشیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، مسلم لیگ نون برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ محمد مقصود کاکڑوی، تحریک حق خود ارادیت یوتھ ونگ برطانیہ کے بانی چیئرمین راجہ ہشام شریف چھتر، اولڈھم کی کاروباری شخصیت راجہ محمد یعقوب خان، تحریک کے کنٹری کو آرڈینیٹرپاکستان ڈاکٹر راجہ ساجد محمود، تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کے سرپرست سالار ممتاز احمد چشتی، تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم خان، مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق سیکرٹری جنرل محمد اسلم چوہدری اور سابق ڈائریکٹر اطلاعات آزاد کشمیر محمد رشید چوہدری نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button