اترپردیش میں چار مسلمانوں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج
لکھنو15 نومبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندوتوا گروپوں کی جانب سے ایک گھر کی چھت پرپاکستان کا جھنڈا لہرانے کے الزام کے بعد پولیس نے چار مسلمانوں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاست کے شہرگورکھپور کے علاقے منڈیرا بازار میں واقع مکان کے مکینوں نے صحافیوںکو بتایا کہ جھنڈے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں گھروں کی تلاشی کے دوران پاکستان کا کوئی جھنڈا نہیں ملا۔ اہلخانہ نے چار جھنڈے پولیس کے حوالے کیے جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ان جھنڈوں کو غلط فہمی کی وجہ سے پاکستان کا جھنڈا سمجھ رہے ہیں۔ متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او شیام بہادر سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہندوانتہا پسند گروپ وی ایچ پی، بنجرنگ دل، بی جے پی، آر ایس ایس اورشیو سینا کے لوگ مسلمانوں کے دو گھروں کے باہر جمع ہوئے اور ان پر پتھراو کیا اور پتھر بازی میں مسلمان خاندان کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔انہوںنے کہاکہ پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے معاملہ حل کرلیاہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔گورکھپور کے ایس ایس پی وپن ٹاڈا نے کہا کہ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ ان کے حوالے کیے گئے جھنڈوں میں سے ایک پر موجود اردو تحریر کی تصدیق کر رہے ہیں۔پولیس نے جن افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ان کی شناخت طالب، پپو، عاشق اور اس کے بھائی آصف کے نام سے ہوئی ہے۔