اسلام آباد: کشمیری خواتین کی حالت زار کے حوالے سے مباحثے کا انعقاد
اسلام آباد: یوتھ فورم فار کشمیر (وائی ایف کے) نے ریڈیو پاکستان کے تعاون سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالت زار کے حوالے ایک خصوصی مباحثے کا انعقاد کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مباحثے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ، یوتھ فورم فار کشمیر کے زمان باجوہ، ڈاکٹر فاروق عادل ، افشاں تحسین اوربیرسٹر سندس ملک شامل تھے۔
مباحثے کا مقصد کشمیری خواتین کی حالت زار اجاگر کرنا اور عالمی برادری کی توجہ ان پر ہونے والے مظالم کی طرف مبذول کرانا تھا۔مباحثے کے شرکاءکاکہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں تحریک آزادی کو دبانے کے مقصد کے تحت خواتین کی آبروریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کم سن بچیوں سے لیکر عمر رسیدہ خواتین تک کسی بھی خاتون کی عزت محفوظ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کنن پوشپورہ میں چند دہائیاں قبل پیش آنے والا اجتماعی آبروریزی کا دل دہلا دینے والا واقعہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی سفاکیت کی ایک واضح مثال ہے۔ شرکا ءکا کہنا تھاکہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کا مذموم سلسلہ مسلسل جاری ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری خواتین کی حالت زا ر کا نوٹس لے اور مجرم بھارتی فوجیوں کوانصاف کے کٹہرے میںلانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔