مودی حکومت کیطرف سے 370، 35اے کی منسوخی کشمیریوں کے حقوق پر ایک بڑا حملہ تھا، ڈاکٹر فائی
4اگست کو نیویارک میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا
واشنگٹن: ورلڈ کشمیر ایوائیر نس فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کو دفعہ 370اور 35اے کی منسوخی جموںوکشمیر کے لوگوں کے حقوق پر ایک بڑا حملہ تھا۔ انہوںنے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی 1951 کی قرارداد 90، 24 جنوری 1957 کی قرار 122 ، 21 فروری 1957 کی قرار داد 123اور 6 2 دسمبر 1957 کی6 12 کی کھلی خلاف ورزی ہے جو ریاست جموں و کشمیر کی متنازعہ نوعیت کو تبدیل کرنے کے لیے کسی بھی یکطرفہ اقدام سے منع کرتی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ان خیالات کا اظہار ورجینیا میں سردار آفتاب روشن خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی انتظامیہ کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ علاقے کشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔ انہوںنے کہا کہ تارکین وطن کشمیری اور کشمیریوں کے دوست اور حامی تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن (کاوا) کے جوائنٹ سیکرٹری سردار شعیب ارشاد نے اجلاس سے خطاب میںکہا کہ 4 اگست بروز اتوار شام 4 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان تاریخی ٹائمز اسکوائر نیویارک میں بھارت کے خلاف ایک پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
سردار زبیر خان ،سردار ذوالفقار روشن خان نے واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا میں رہنے والے ہر کشمیری و پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس احتجاج کو نیویارک کے میٹروپولیٹن ایریا میں رہنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔
ابراہیم کھوکھر نے کہا کہ تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اجلاس سے مہمان خصوصی اور ضلع پونچھ کے سابق ڈی آئی جی سردار گلفرا خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اور نیویارک میٹروپولیٹن علاقوں میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں ، پاکستانیوں کو ٹائمز اسکوائر نیویارک میں ہونے والے پرامن احتجاج میں ضرور شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ہمارے بھائی بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اورہم ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر کے ڈائریکٹرسیاحت ملک فیاض کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ کشمیر کا تنازعہ ہے۔انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اجلاس میں پروفیسر عبدالرشید، پروفیسر سعید، سردار طارق خان، سردار مصطفی خان، ملک لیاقت، سردار شکیل انجم، سردار امتیاز خان، سوراب خان، آفتاب خان، دانش آفتاب اور دیگر بھی شریک تھے۔