”کشمیری بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں“،مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کل بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر سرینگر اور دیگر علاقے میں دیواروں ، ستونوں، کھمبوں وغیرہ پر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں تحریر ہے”بھارت نے 1947میں جموں وکشمیر پر طاقت کے بل پر قبضہ جما لیا تھا، کشمیری اسکے قبضے کو رد کرتے ہیں اور اپنی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں“۔
کئی کشمیریوں نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مظالم کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا،کشمیری 5اگست2019کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدام کو بھی مسترد کرتے ہیں اور وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھرمیںکشمیری کل بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر بھارت کو واضح پیغام دیں گے کہ وہ اسکے جابرانہ تسلط کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی بھارتی یوم آزادی کو ”یوم سیاہ“ کے طورپر منانے کی اپیل کی ہے۔