شہدائے جموں وکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے باغ میں کانفرنس کا انعقاد
مظفرآباد: جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے زیراہتمام آزاد جموں و کشمیرکے شہر باغ میں شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں شہدائے جموں و کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کی صدارت پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران نے کی جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی مہمان خصوصی تھے۔غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت سے آزادی میں وقت لگ سکتا ہے لیکن ایک دن ان عظیم شہدا ء کالہو ضرور رنگ لائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں متحد ہوکر شہداء کے مشن کو جاری رکھنا ہے اورہم بھارت سے آزادی کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔ غلام محمد صفی نے تمام مہاجرین سے اپیل کی کہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو بھرپور انداز میں یوم سیاہ منائیں۔ دیگر مقررین نے کہاکہ ہمارا مشن بھارت سے آزادی ہے جس کے لیے ہم اپنے شہدا ء کا مشن اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہماری ریاست بھارت سے آزاد نہیں ہوجاتی۔ قاضی عمران نے تمام مقررین اورشرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدائے جموں و کشمیر کے وارث ہیں اوربھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک ان کا مشن جاری رکھیں گے۔کانفرنس میں دیگر لوگوں کے علاوہ حریت رہنما ئوںچوہدری شاہین اقبال، عبدلمجید میر، زاہد منیر، مہاجرین اتحاد فورم کے صدر خواجہ ایاز ظہیر جرال، ابو صہیب، جہانزیب میر، جاوید بٹ، چوہدری مختار، چوہدر ی نذیر حسین، چوہدری رشید، فیاض ڈار، چوہدری زمان، عبدالغنی لون، عبدلرحمان بٹ، تنزیل اقبال، احمد جان بٹ ، چوہدری امتیاز ، عمران چوہدری ، چوہدری حق نواز، زبیر کشمیری ، طلحہ بٹ،اشفاق بٹ، طارق لون، عبدلرشید ڈاراورمشتاق لون نے شرکت کی۔