27اکتوبر 1947کو جموں وکشمیر پر بھارت کی فوج کشی ، تاریخ کا سیاہ ترین دن
سرینگر:27 اکتوبر 1947کو جموں وکشمیر پر بھارت کی فوج کشی مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔جموں وکشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کی وجہ سے کشمیریوںکو درپیش مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو اہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق کشمیری ہر سال 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں جب 1947میں اس دن بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں جموں وکشمیر میں اتار کر اس پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیاتھا۔یہ دن کشمیریوں کو درپیش شدید مشکلات کی یاد دہانی بھی کراتا ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے تمام بنیادی حقوق سے مسلسل محروم ہیں۔عالمی سطح پر کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرنے کے لیے متحد ہیں اور وہ ہرسال27اکتوبر کویوم سیاہ کے طورپر منا کر بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ کبھی بھی اپنے مادر وطن پر اسکے غاصبانہ قبضے کو قبول نہیں کریں گے ۔ یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے حل حوالے سے کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدوں خصوصا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی یاد دہانی بھی کراتا ہے۔ عالمی ادارے کی قراردادوں میں کشمیریوں کو انکے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کی گئی تھی ۔بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے 5اگست2019کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے کشمیریوں کو انکے حقوق اورسیاسی خود مختاری سے محروم کر دیا تھا۔