بھارت :بی جے پی کے دور حکومت میں صحافیوں کو مظالم کا سامناہے: اکھلیش یادو
لکھنو:بھارت میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی کے دور حکومت میں صحافیوں کے ساتھ ناروا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران پارٹی میڈیا کے حوصلے کو توڑنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اکھلیش یادو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ایک پریشان کن ویڈیو شیئر کی جس میں لوگوں کے ایک گروپ کوایک شخص کو مارتے پیٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔یادو نے کہاکہ اس طرح کی حرکتیں صحافیوں کوڈرانے دھمکانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے دور حکومت میں صحافیوں کو دھمکیوں، جسمانی حملوں، غیر ضروری ایف آئی آرز کا سامنا ہے اوریہاں تک کہ دبائو کے سامنے سرتسلیم خم کرنے والوں کو ماہانہ ادائیگی کی جارہی ہے۔انہوں نے میڈیا کے حوصلوں کو توڑنے کے لئے اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میڈیا کہتا ہے، ہمیں بی جے پی نہیں چاہیے۔ ویڈیونے بھارت میں پریس کی آزادی اور تحفظ پر بڑے پیمانے پر بحث اور خدشات کو جنم دیاہے۔