مقبوضہ کشمیر :کانگریس کشمیر شاخ کی کل راج بھون کی طرف مار چ کی کال
جموں:کانگریس کی جموں وکشمیر شاخ نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکی ریاستی حیثیت کی بحالی کیلئے کل بروز بدھ کو راج بھون کی طرف احتجاجی مارچ کی کال دی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کی کشمیر شاخ کے سربراہ طارق حمید قرہ نے جموں میں پارٹی اجلاس کے دوران مارچ کی کال دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مارچ مودی حکومت کی بڑھتی ہوئی ناکامیوں اور عوامی خدشات کو اجاگر کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی یاستی حیثیت کی بحالی کیلئے راج بھون(گورنر ہائوس) کی طرف مارچ میں کانگریس اور اس سے وابستہ تنظیموںکے سینئر لیڈراور عہدیدار شرکت کریں گے۔طارق حمید قرہ نے خبردار کیا کہ مودی حکومت کے دور میں رشوت خوری، منی لانڈرنگ اور ہیرا پھیری کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم ہورہا ہے اورملک کے معاشی استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوتم اڈانی کے معاملے پر بھارتی حکومت کی خاموشی اور پارلیمنٹ میں بحث کو دانستہ طور پر روکنا ناقابل قبول ہے۔منی پور میں پر تشددواقعات اور لاقانونیت پر مودی حکومت کی مجرمانہ خاموشی کو انہوں نے افسوسناک قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ کرفیو اور جانوں کے ضیاع کے باوجود، بی جے پی حکومت فیصلہ کن کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔