اودھم پور میں وی پی این کے استعمال پر دو ماہ کیلئے پابندی عائد
جموں:بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے ضلع اودھمپور میں ”وی پی این”کے استعمال پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری حکمنامے میں وی پی این کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے ذریعے قانونی سائبر پابندیوں کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے، جس سے سکیورٹی خدشات پیدا ہوتے ہیں۔یہ پابندی ضلع بھر میں افراد، اداروں، سائبر کیفے، تجارتی مراکز اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروںپر لاگو ہوگی۔ وی پی این سروس صرف اسی صورت میں استعمال کی جا سکے گی جب حکومت یا مجاز اتھارٹی کی جانب سے باضابطہ حکم کے ذریعے اس کی واضح اجازت دی گئی ہو۔قابض انتظامیہ کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ضلع اودھم پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو پابندی پر ضلع بھر میں سخت، موثر اور یکساں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔کشمیریوں کی طرف سے قابض انتظامیہ کے اس اقدام پر سخت تشویا کا اظہار کیاجارہاہے ۔ وی پی این کے استعمال پر پابندی لوگوں کی معلومات تک آزادانہ رسائی اور ضلع سے باہر موجود ذرائع سے رابطے کی صلاحیت کو محدود کر سکتی ہے۔ ناقدین کے مطابق اس پابندی کے باعث ایسی معلومات تک رسائی بھی متاثر ہو سکتی ہے جو مقامی انٹرنیٹ ذرائع کے ذریعے آسانی سے دستیاب نہیں ہوتیں۔








