ویبنار کے مقررین کی اقوام متحدہ سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل
اسلام آباد :فرینڈز آف کشمیر (انٹرنیشنل) کے زیر اہتمام ”کشمیر یوںکا حق خود ارادیت “کے عنوان سے ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ویبینار سے فرنڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب ، گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان ، اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر شگفتہ اشرف، کالم نگار و صحافی مظہر برلاس، ریسرچ آفیسر سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز طیبہ خورشید اور نائب چیئرمین فرینڈز آف کشمیر عبدالحمید لون اور دیگر نے خطاب کیا۔
پروفیسر شگفتہ اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پرمظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے سوال کیا آخر دنیا خاص طور پر اقوام متحدہ کب تک مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مظلوم کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔
طیبہ خورشید نے کہا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن گیا ہے جو خوش آئند ہے لہذا اسے چاہیے کہ وہ بڑی طاقتوں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں رہے اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر مزید مو¿ثر طریقے سے اٹھائے۔
عبدالحمید لون نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی اہمیت پر زور دیا اور مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر زندہ رکھنے پر زور دیا۔
راجہ سکندر نے کشمیر کاز کی حمایت کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون واتحا پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کرنے کے واحد مشن کے ساتھ ایک پلیٹ فارم کے تحت کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط و مستحکم پاکستا ن ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔۔
غزالہ حبیب نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور کشمیری عوام کی حمایت کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔KMS-13/M