اسلام آباد: سیمینار کے مقررین کا برہان وانی شہید کو خراج عقیدت
اسلام آباد:
فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (ایف او کے آئی )نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے اسلام آباد میں ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔ویبینار کے مقررین نے معروف نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقررین نے کہا کہ برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی اور نوجوانوں میں بھارتی قبضے کیخلاف ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کیا۔ تنظیم کے نائب چیئرمین عبدالحمید لون نے اس موقع پر کہا کہ برہان وانی نے سوشل میڈیا کا تحریک آزادی کے حق میں بہترین استعمال کیا اور بھارتی فورسز کی نیدیں حرام کیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جنگ دراصل نظریے کی جنگ ہے اور برہان وانی بھی اسی نظریے کی جدوجہد میں مصروف تھے، کشمیری برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ قائداعظم کا نظریہ درست تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے اور اس نے بھارت بھر میں اقلیتوں خاص طورپر مسلمانوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ سیمینار میں جاوید اقبال شیخ، فیصل ، ثنا اقبال، ماریہ بٹ اور دیگر شریک تھے۔بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ 8جولائی 2016کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں ایک جعلی مقابلے کے دوران شہید کیا تھا۔