مقبوضہ جموں و کشمیر

دنیا کے نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، حریت کانفرنس

بھارتی یوم جمہوریہ کو ''یوم سیاہ '' کے طور پر منانے کی کال

سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور شہریوں کی جامہ تلاشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے دنیا کے سب سے بڑے نام نہاد جمہوری ملک بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔ حریت کانفرنس نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ” کے طور پر منانے کی کال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل پوری وادی کشمیر کو قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، سرینگر اور دیگر قصبوں میں بھارتی فورسز کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں، فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں اور چوکیاں قائم کی ہیں جہاں گاڑیوں ،مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر بلا جواز چھاپوں کے ذریعے کشمیریوںکا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت خود کودنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک گردانتا ہے لیکن اس نے کشمیریوں کے جمہوری حقوق بری طرح سلب کر رکھے ہیں اور وہ انہیں اپنا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت مانگنے پر بڑے پیمانے پر ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کیو جہ سے جنوبی ایشیا مسلسل عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، اس مسئلے کو حل کیے بغیرخطے میں دیر پاامن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حریت قیادت کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں امن اور ترقی کے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں کے سارے حقوق اس وقت سلب ہیں اور بی جے پی حکومت ان کی شاخت چھین کر انہیں بے ہی وطن میں اجنبی بنانے پر تلی ہوئی ہے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری 26 جنوری کو حسب سابق بھارتی یوم جمہوریہ کو” یوم سیاہ” کے طور پر منا کر جموںوکشمیر پر مسلسل غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اس روز بھارت کے ساتھ عالمی برادری کو بھی ایک مرتبہ پھر باور کرایا جائے گا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔
ادھرانٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے علاقے کے حالیہ دورے پرکڑی تنقید کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے دورے کا مقصد دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کو مصائب ومشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ احسن اونتو نے کہا کہ مودی ، امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے ذمہ دار ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں قاضی عمران ،خالد شبیر، امتیاز بٹ، عبدلرشید بٹ ا ورسلیم ملک نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ بیان میں کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں بھارتی وزیراعظم اور وزیر دفاع کے بے بنیاد دعوئوں کو مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کے برعکس ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری عوام بھارت کے ناجائز تسلط کو بالکل بھی تسلیم نہیں کرتے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button