مقبوضہ جموں و کشمیر

غیور کشمیری مذموم بھارتی عزائم ناکام بنا دیں گے، کل جماعتی حریت کانفرنس

download (1)سرینگر19 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی تعیناتی میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت ایک طرف مقبوضہ علاقے میں اپنی فورسزکی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے زمینی قوانین کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔ترجمان نے حکام کی طرف سے زرعی اراضی کوغیر زرعی قرار دینے کے حالیہ ضوابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی معیشت کو تباہ کرنے اور یہاں کے لوگوں کی غلامی کو مزید گہرا کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ہر جگہ سڑکوں اور گلیوں میں گشت کرنے والے بھارتی فورسز اہلکاروں کی وجہ سے روزگار، مزدوری اور کاروباری سرگرمیوں سمیت اپنی روزمرہ کی دیگر ضروریات کے لیے آزادانہ نقل و حرکت سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارتی حکمران اور اس کی ایجنسیاں تنازعہ کشمیر کے حقیقی بیانیے کو تبدیل کرنے کے لیے کئی طرح کی سازشوں پر کام کر رہی ہیں۔ترجمان نے بھارتی خفیہ عزائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام نے بھارتی جبر و استبداد کے باوجود نہ تو اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے کو قبول کیا ہے اور نہ ہی وہ ان مذموم عزائم کو کامیاب ہونے دیں گے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کریں ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button