عالمی برادری سے مظلوم کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنے کی اپیل

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی گروپوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے عالمی انصاف پسند ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ مودی کی بھارتی حکومت کے وحشیانہ مظالم کا نشانہ بننے والے مظلوم کشمیری عوام کیلئے آواز بلند کریں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی گروپوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے کہا کہ دنیا بھر کے آزادی پسند لوگوں کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے او کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اٹھنے والی ہر آواز سے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد کو تقویت ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنا خود انسانیت کے دفاع کے مترادف ہے۔ انہوں نے خاص طور پر امت مسلمہ پر زوردیاکہ وہ اپنی خاموشی ترک کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کے دفاع کیلئے آگے آئے۔عالمی برادری کو یاد دلایا گیا کہ وہ اپنے دوہرے معیارکو ترک کرے اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و بربریت کا سلسلہ رکوانے ، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے خبردار کیاکہ نریندر مودی اور اس کے آلہ کاروں کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ انہیں ایک دن ضرور مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف اپنے جرائم پر جوابدہ ہوناہوگا۔








