بھارت :ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع مسجد کو ہٹانے کا حکم
ممبئی :بھارتی شہرممبئی میں میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایم ایم آر ڈی اے)نے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل2 کے قریب واقع ایک مسجد کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سلسلے میں مسجد کے دروازے پر بھی نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔ دراصل بی جے پی رہنما کریٹ سومیا طویل عرصے سے اس مسجد کی مخالفت کر رہے تھے۔ ان کا کہناہے کہ تقریبا 5 ہزار مربع فٹ سرکاری زمین پر بغیر اجازت مسجد تعمیر کی گئی ہے۔کیرٹ سومیا کا دعویٰ ہے کہ یہ مسجد ایک حساس سیکورٹی زون میں واقع ہے اور سیکورٹی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے مسجد ہٹانے کے ساتھ اس کی تعمیر کے ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے لیے اجازت لی گئی تھی اور اس وقت جی وی کے اور ایئرپورٹ افسران کو بھی اس کی اطلاع تھی۔ مسجد انتظامیہ نے 2015کے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں عبادت گاہ کا ذکر موجود ہے۔
یہ مسجد ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل2کے قریب، ارائیول گیٹ اور ٹیکسی پارکنگ ایریا کے نزدیک واقع ہے۔ مسجد کے دروازے پر چسپاں نوٹس میں اسے غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے کے مطابق اشبل الجنت ایئرپورٹ چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کافی نہیں ہیں۔ ایم ایم آر ڈی اے نے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈکو مسجد ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ حکم میں یہاں تک کہا گیا ہے کہ اگر ایم آئی اے ایل نے کارروائی نہیں کی تو اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بھارت میں 2014میں بی جے پی کے اقتدارمیں آنے کے بعد سے اقلیتوں اورخاص طورپر مسلمانوں پر مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اورانہیں مسلسل ظلم وتشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے جبکہ ان کے گھروں ،کاروباری مراکز،مساجد اوردیگر مذہبی اداروں کو منہدم کیاجارہاہے ۔ ممبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب مسجد کو نشانہ بنانا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔








