بھارتپاکستان

بھارتی سرزمین پر پاکستان کی سفارتی، فکری اور ثقافتی برتری

مصدق ملک کادورہ بھارت علاقائی سفارتکاری میں ایک بڑی پیش رفت

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق حسین ملک کا شنگھائی تعاون تنظیم ((ایس سی او)کے پہلے تہذیبی مکالمے میں شرکت کیلئے بھارت کا دورہ علاقی سفارتکاری میں ایک بڑی پیش رفت ہے ۔ تجزیہ کاروں کی طرف سے اس دورے کو پاکستان کی ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیاجا رہا ہے ۔مصدق ملک کے اس دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کا ایک ذمہ دار ،گفتگو اوربات چیت پریقین رکھنے والے ملک کا تاثرمزیداجاگر ہوا ہے۔
بھارتی میڈیاکی جھوٹ اور تعصب کی روایتی روش:
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفاتی وزیر کے دورے کے موقع پر بھی بھارتی میڈیا نے جھوٹ ، تعصب ،بے سروپاالزامات اورحقائق کوتوڑمروڑ کوپیش کرنے کی اپنی روایتی روش برقراررکھی ۔ بھارتی میڈیا اورسوشل میڈیاانفلوئنسرز نے مصد ق کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا اور آبی حقوق سے متعلق ان کے سابقہ بیانات کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا نے بارہا” ایس سی او” کے کثیرالجہتی سفارتی مکالمے کا رخ پاک بھارت دوطرفہ تنازعات، بالخصوص دہشت گردی سے متعلق الزامات کی جانب موڑنے کی کوشش کی۔ بھارتی صحافیوں نے مختلف مواقع پر مصدق ملک سے پاکستان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق بے بنیاد سوالات کیے اور دہشت گردی کو ان کی میڈیا گفتگو کا مرکزی موضوع بنانے کی کوشش کی۔ بھارتی میڈیا کا طرزِ عمل صاف ظاہر کر رہا تھا کہ بھارت ایک کثیرالجہتی سفارتی پلیٹ فارم کو پاکستان کے خلاف اپنے بے بنیاد الزامات آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
مصدق ملک کے مدلل جواب نے بھارتی کوششوں پر پانی پھیر دیا :
مصدق حسین ملک نے دہشت گردی کے بھارتی الزامات کو بھر پور چیلنج کرتے ہوئے گزشتہ برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان کی عظیم قربانیوں اوربھاری انسانی قیمت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارت پر الزامات عائد کرنے کے بجائے شفاف اور باہمی طور پر قابلِ قبول تحقیقاتی طریق کار قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کے معقول ،مدلل اورمنطقی جواب نے پاکستان کو دہشت گردی کا منبع ظاہر کرنے کی بھارتی کوششوںپر پانی پھیردیا ۔ انہوں نے غیرجانبدارانہ تحقیقات اور یکساں احتساب کی حمایت کرتے ہوئے بھارت کےموقف میں موجود تضاد کو نمایاں کیا۔ شفاف تحقیقات کی تجویز نے گفتگو کا رخ یکطرفہ الزامات سے ہٹا کر شواہد پر مبنی احتساب کی جانب موڑ دیا۔
آر ایس ایس۔بی جے پی کے نظریاتی بیانیے کو چیلنج:
مصدق ملک نے” آر ایس ایس۔بی جے پی” کے اس تنگ نظر تاریخی بیانیے کو چیلنج کیا جو مسلمانوں اور دیگر بیرونی برادریوں کو منفی انداز میں پیش کرتا ہے۔ انہوں نے دہلی کے لال قلعے کی تاریخ اور اس کی تعمیر کے پس منظر کا حوالہ دے کر بالواسطہ طور پر بھارت کے قوم پرستانہ تاریخی بیانیے کو چیلنج کیا۔ بھارتی وزیرِ ثقافت کے لال قلعے میں آثارِ قدیمہ کی کھدائی سے متعلق بیان کے جواب میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ان تحقیقات سے تاریخی حقائق بھی سامنے آئیں گے؟ انہوں نے باورکرایا کہ دہلی کا لال قلعہ بیرونی حکمرانوں اور مختلف برادریوں کی تاریخی خدمات اور کردار کے نتیجے میں قائم اور ترقی یافتہ ہوا۔ ان کے تاریخی استدلال نے بیرونی مسلم حکمرانوں کی خدمات کو محض استحصالی قرار دینے کی کوششوں کو چیلنج کیا اور ان کے تعمیراتی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے بھارت کے فنِ تعمیر، تہذیب اور ثقافتی ورثے میں مسلم حکمرانوں اور دیگر برادریوں کی تاریخی خدمات کو نمایاں کیا۔ ان کے بیانات نے بھارت کی بڑھتی ہوئی قوم پرستانہ تاریخ نویسی میں مسلم تاریخی خدمات کو نظرانداز کرنے کے رجحان کو چیلنج کیا۔ تاریخی حوالوں نے مسلم شناخت، تاریخی ورثے اور دو قومی نظریہ سے وابستہ فکری بنیادوں پر پاکستان کے موقف کو مزید تقویت دی ۔
اردو بطور ذریعہ ثقافتی سفارت کاری:
مصدق حسین ملک نے بھارتی سرزمین پر دانستہ طور پر اردو زبان استعمال کرتے ہوئے بھارتی سامعین کے سامنے پاکستان کی لسانی، ثقافتی اور قومی شناخت کا بھرپور اظہار کیا۔ ان کی شستہ اردو، جامع اندازِ بیان اور تاریخی حوالوں نے عالمی سفارت کاری میں قومی زبان کے بطور مثبت ذریعہ استعمال ہونے کی صلاحیت کو ثابت کیا۔ علامہ محمد اقبال ، مرزا اسداللہ خان غالب اور اردو کی ادبی روایات کے حوالوں نے ان کی سفارتی گفتگو میں تاریخی اور ثقافتی گہرائی پیدا کی۔ ان کی گفتگو نے اس تصور کو چیلنج کیا کہ بین الاقوامی سفارت کاری کے لیے انگریزی زبان کا استعمال لازمی ہے۔ اس مکالمے نے اجاگر کیا کہ اردو عالمی فورمز پر پاکستان کی ثقافتی شناخت اور قومی بیانیے کو مثبت انداز میں پیش کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔
بھارتی سرزمین پر پاکستان کی سفارتی، فکری اور ثقافتی برتری:
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کی بھر پور گفتگو سے بھارتی سرزمین پر پاکستان کو ایک بڑی سفارتی ، فکری اور ثقافتی برتری حاصل رہی ۔بھارتی میڈیا کی الزامات تراشی نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف اپنی قربانیاں اجاگر کرنے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔ بھارت کے قوم پرستانہ بیانیے کو ایک تاریخی جوابی کا سامنا کرنا پڑا، جس میں بھارتی تہذیب کی تشکیل میں مسلم حکمرانوں اور دیگر برادریوں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ مصدق ملک کے تاریخی حوالوں نے برصغیر کے ورثے میں مسلم خدمات کو حاشیے پر دھکیلنے والے نظریاتی بیانیوں کی بنیادوں کو چیلنج کیا۔ اردو زبان کے استعمال نے پاکستان کی آزاد ثقافتی شناخت کو تقویت دی اور بھارت کے پسندیدہ تاریخی و سیاسی بیانیوں کی بالادستی کو چیلنج کیا۔ ”ایس سی او ”کے اس مکالمے نے ثابت کیا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا کے جارحانہ طرز عمل کا مقابلہ تاریخی تناظر، شواہد پر مبنی دلائل اور ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ ایس سی او ثقافتی مکالمے میں پاکستان کی شرکت اپنی قومی شناخت، تاریخی نقط نظر اور سفارتی موقف کو براہِ راست بھارتی سرزمین پر پیش کرنے کا یقینا ایک اہم موقع ثابت ہوئی۔ مصدق ملک پاکستان کی نمائندگی کے لیے نہایت موزوں شخصیت ثابت ہوئے، جنہوں نے بھارتی سرزمین پر پاکستان کے سفارتی، تاریخی، ثقافتی اور نظریاتی موقف کو انتہائی مثبت اور درست انداز میں پیش کیا۔ ان کی علمی گہرائی، اردو زبان پر عبور، تاریخی شعور، نظریاتی وضاحت اور متوازن طرزِ گفتگو نے انہیں غیرضروری محاذ آرائی میں الجھائے بغیر جھوٹ پر مبنی بھارتی میڈیا کے بیانیے کا بھر پور جواب دینے کے قابل بنایا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button