سرینگر :میر واعظ عمر فاروق کا بھرتیوں میں دھوکہ دہی ، بے ضابطگیوں پر اظہار تشویش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فاروق نے بھرتی کے امتحانات میں بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کے مترادف ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پہلے ہی بے روزگاری کی تشویشناک صورتحال سے دوچار ہے، جہاں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہیں۔ انہوں نے کہاجب ان چند مواقع پر بھی گھپلوں، دھوکہ دہی اور بے ضابطگیوں کے الزامات لگ جائیں، تو یہ ان طلبا اور نوجوان امیدواروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے جو امید اور سخت محنت کے ساتھ برسوں تک ان امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔
میر واعظ نے سامنے آنے والی ان بے ضابطگیوں کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے علاقے میں ”خراب گوشت”کے جاری اسکینڈل سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو یہ بتانا چاہیے کہ ان بار بار پیش آنے والے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے ماضی کی تحقیقات کے نتائج اور عوام کو دیے گئے یقین دہانیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پچھلی تحقیقات کا کیا بنا؟ کون ذمہ دار ٹھہرا اور کیا کارروائی عمل میں لائی گئی؟ محض خراب گوشت کو ضبط کر کے تلف کر دینا کافی نہیں ہے ،جو لوگ عوام کی صحت اور زندگیوں سے کھیلتے ہیں، انہیں بے نقاب کیا جانا چاہیے اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
میرواعظ نے معاشرے سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے غیر اخلاقی اور غیر قانونی کاموں میں ملوث پائے جانے والوں کا معاشرتی بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ محض مالی فائدے کے لیے جان بوجھ کر عوامی صحت کو خطرے میں ڈالتے ہیں، انہیں نہ صرف قانونی نتائج کا سامنا کرنا چاہیے ۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی )کے تحت ہونے والے فنانس اکانٹس اسسٹنٹ (ایف اے اے )کے بھرتی امتحان میں بڑے پیمانے پر نقل اور مبینہ پیپر لیک کا فراڈ سامنے آیا ہے۔یہ واقعہ 15 نومبر کو اس وقت منظر عام پر آیا جب محکمہ خزانہ کی 600 آسامیوں کے لیے منعقدہ امتحان میں تقریبا 1 لاکھ 62 ہزار امیدوار شریک ہوئے۔ پولیس نے امتحانی مراکز کے باہر کارروائی کرتے ہوئے نقل کرانے والے متعدد منظم نیٹ ورکس کودھر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 8 وائرلیس یٹس، 22 موبائل فونز برآمد کی گئے جن کے ذریعے امیدواروں کو جوابات منتقل کیے جا رہے تھے۔
تحقیقات کے مطابق امیدواروں سے امتحان میں پاس کرانے کے لیے 10 سے 12 لاکھ روپے تک کے سودے کیے گئے تھے ، ملزمان سے لاکھوں روپے نقدی بھی برآمد ہوئے ہیں۔پولیس مرکزی سرغنہ سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں کم از کم 6 سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔






