بھارت :مغربی بنگال میں ہندو انتہا پسندوں کا گھر میں قائم گرجا گھر پر حملہ، پادری اور عبادت گزاروں پر تشدد
عیسائیوں کو جے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا، متاثرین کوشکایت واپس لینے کی دھمکیاں دی گئیں
کولکتہ:بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست مغربی بنگال میں ہندو انتہا پسندوں نے ایک گھر میں قائم گرجا گھر پر حملہ کرتے ہوئے پادری اور عبادت گزاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں دعائیہ اجتماع کے دوران ”جے شری رام” کے نعرے لگانے پر مجبور کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حملہ ضلع پوربا بردھمان کے گائوں ریان میں کیاگیاجہاں حملہ آوروں نے ایک گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس گھر میں عیسائیوں کا دعائیہ اجتماع جاری تھا۔ حملہ آوروں نے عبادت گزاروں پر الزام لگایا کہ وہ لالچ اور ہنی ٹریپ کے ذریعے ہندئوں کا مذہب تبدیل کروا رہے ہیں۔
واقعے میں بچ جانے والے افراد نے صحافیوں کو بتایا کہ حملہ آوروں نے انہیں جے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ یہ ہندو علاقہ ہے، یہاں حضرت عیسی کی عبادت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعدد عبادت گزار شدید زخمی ہوئے جن میں ایک17سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔ اس کے سر پر گہری چوٹ آئی۔متاثرین نے کہا کہ وہ اب تک اس واقعے کے صدمے سے دوچار ہیں۔ انتظامیہ نے انہیں نہ سکیورٹی فراہم کی اور نہ ہی تحفظ کی کوئی یقین دہانی کرائی۔
دعائیہ اجتماع پر حملہ
پادری چھوٹو رویداس نے بتایا کہ وہ سوشانت ماجیلا کے گھر میں دعائیہ اجتماع کی قیادت کر رہے تھے۔ اجتماع اختتام کے قریب تھا۔ اسی دوران تقریبا 40افراد جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے وہاں پہنچ گئے۔انہوں نے بتایا کہ گائوں کے بااثر رہائشی بسویشور چودھری بھی حملہ آوروں میں شامل تھا۔ چودھری نے پادری کے پاس آکر انہیں تھپڑ مارا۔ اس کے بعد گروہ کے دیگر افراد نے عبادت گزاروں پر تشدد شروع کردیا۔رویداس نے کہا، انہوں نے ہمیں تھپڑ مارے، لاتیں ماریں اور اپنے ساتھ لائی ہوئی بانس کی لاٹھیوں سے پیٹا۔ انہوں نے اپنی بیلٹیں بھی اتاریں اور ان سے ہمیں مارا۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور عبادت گزاروں کو گھسیٹ کر گھر سے باہر لے گئے اور تشدد کرتے رہے۔
پڑوسیوں کے گھروں میں پناہ لینے والوں کا بھی تعاقب کرکے انہیں نشانہ بنایا گیا۔بعض افراد نے پادری کو باورچی خانے میں بند کرکے بچانے کی کوشش کی۔ تاہم حملہ آور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور انہیں گھسیٹ کر باہر لے آئے۔رویداس کے مطابق17سالہ لڑکے کے سر پر شدید چوٹ آئی اور اس کا کافی خون بہہ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے زخمی لڑکے سے کہا، ہم نے تمہارا علاج کردیا ہے، اب ڈاکٹر کے پاس جا اور اسے ٹھیک کروا لو۔
پولیس کے کردار پر سوالات
باورچی خانے میں چھپے ہوئے رویداس نے پولیس سے رابطے کی کوشش کی، لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔ بعدازاں انہوں نے پادری جوز برنارڈ کو اطلاع دی، جنہوں نے حکام سے رابطہ کیا۔برنارڈ نے بتایا کہ انہوں نے بردھمان پولیس اسٹیشن میں دو سے تین مرتبہ فون کیا۔ تاہم پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ بالآخر انہوں نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 112 پر رابطہ کیا جس کے بعد پولیس اہلکار گائوں پہنچے۔برنارڈ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اور کم عمر بیٹی بھی دعائیہ اجتماع میں شریک تھیں۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے پولیس نے اجتماع میں شریک 20 عیسائی خواتین، تین کم عمر بچوں اور آٹھ مردوں کو حراست میں لیا۔ بعدازاں عبادت گزاروں کو طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا اور پھر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔
برنارڈ نے بعد میں حملہ آوروں کے خلاف تحریری شکایت جمع کرائی۔ تاہم، ان کے مطابق حملہ آور گروہ کے بعض افراد پولیس اسٹیشن میں داخل ہوگئے۔ انہوں نے انہیں جسمانی طور پر ہراساں کیا اور شکایت واپس نہ لینے پر قتل کی دھمکیاں دیں۔ برنارڈ نے کہا کہ بالآخر ان دھمکیوں کے باعث انہیں شکایت واپس لینا پڑی۔
عیسائیوں پر بڑھتے ہوئے حملے
یہ واقعہ مئی 2026 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد مغربی بنگال میں عیسائیوں کے مذہبی اجتماعات پر حملوں، دھمکیوں اور رکاوٹوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کی ایک اورکڑی ہے۔21نومبر کو کولکتہ میں ہونے والے ایک اجلاس میں عیسائی رہنمائوں نے 4مئی سے اب تک 60 واقعات کی نشاندہی کی۔ ان رہنمائوں میں بنگیا کرسچیا پریسیبا کے بانی سیکریٹری ہیرود ملک بھی شامل تھے۔ان واقعات میں نجی دعائیہ اجتماعات اور گھروں میں قائم گرجا گھروں پر 52چھاپے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہجوم کے آٹھ حملے اور جسمانی تشدد کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
ہیرودملک نے کہاکہ متاثرین اور حقائق معلوم کرنے والے وفود نے بار بار دائیں بازو کی تنظیموں کو ان واقعات میں ملوث قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان گروہوں نے اتوار کی عبادات میں خلل ڈالا، شناختی دستاویزات طلب کیں اور عبادت گزاروں پر ہندوں کو زبردستی عیسائی بنانے کے الزامات لگائے۔
اس سے قبل 2 نومبر کو کولکتہ میں منعقدہ پیپلز ٹریبونل میں بھی عیسائیوں کے خلاف تشدد اور پولیس کی عدم کارروائی سے متعلق بیانات قلم بند کیے گئے تھے۔ حقائق معلوم کرنے والے پینل نے چھ ماہ کے دوران پیش آنے والے 48واقعات کی نشاندہی کی۔ ان میں ہجوم کے حملے، دھمکیاں اور دعائیہ اجتماعات میں رکاوٹیں ڈالنے کے واقعات شامل ہیں۔
متاثرین نے بتایا کہ دعائیہ اجتماعات کے دوران عبادت گزاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہیں دھمکیاں دی گئیں اور ہندو مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔ شرکا ء نے متاثرین کو تحفظ فراہم کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے میں پولیس کی ناکامی پر بھی تشویش ظاہر کی۔عیسائی رہنمائوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے دیگر بھارتی ریاستوں میں بھی عیسائی برادری کو ہراساں کرنے کے واقعات رپورٹ کیے ہیں۔ ان ریاستوں میں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، بہار اور اڑیسہ شامل ہیں۔
ان واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد نے مودی کے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ اور انہیں خوف و دہشت کے بغیر اپنے عقائد پر عمل کرنے کی آزادی کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔









