پلوامہ : بھارتی فورسز نے ایک اور کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا
حریت کانفرنس کی طرف سے کشمیریوںکی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میںمحاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کرلیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے اونتی پورہ کے علاقے وویان کھریو سے گلاب باغ ترال کے رہائشی نوجوان جاوید احمد حجام کوگرفتار کیا۔بھارتی قابض فورسز نے جاوید احمد پرکشمیری مجاہد ین کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا جواز پیش کرنے کیلئے اسے بھونڈے الزام کا سہارا لیتی ہیں ۔ جاوید کیخلاف کالے قانون کے تحت ایک مقدمہ بھی درج کیاگیاہے ۔جاوید حجام کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیاگیاہے۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کی جھوٹے الزامات کے تحت بار بار گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جابرانہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں جن سے کشمیریوں میں بھارت کے خلاف غم وغصہ تیزی سے بڑھ رہاہے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کیلئے خوف و دہشت کا نشانہ بنانا ہے۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتی ، تلاشی کی کارروائیوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ جھوٹے لزامات کے تحت کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنانے سے صرف ان میں بھارت کے خلاف غم وغصہ بڑھے گا اور مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کے بھارتی قابض انتظامیہ کے کھوکھلے دعوے بے نقاب ہوں گے ۔حریت ترجمان کہاکہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی تسلط کے شکار کشمیری عوام کو مقبوضہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائدقابض فوجیوں کی طرف سے انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں کا سامناہے ۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کرنے ، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ، دوران حراست قتل ، جبری گرفتاریوں ، املاک کی ضبطی جیسی انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ۔ حریت رترجمان نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے محصور لوگوں کوبھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلئے فوری مداخلت کرے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔








