نئی دہلی : ہندی نہ سیکھنے پر بی جے پی کونسلر کی افریقی شہری کو دھمکیاں

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایک کونسلر ہندی نہ سیکھنے پر ایک افریقی شہری کو دھمکیاں دینے لگ گئیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بی جے پی کی کونسلر رینو چوہدری دہلی کے ایک پارک میں موجود لوگوںکے ایک گروپ سے تلخ لہجے میں بات کر رہی ہیں اور ایک افریقی شہری سے سوال کرتی ہیں کہ بھارت میں رہتے ہوئے اس نے ہندی کیوں نہیں سیکھی ، وہ اسے خبردار کرتی ہیں کہ اگر وہ ایک ماہ کے اندر ہندی نہ سیکھ سکا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ویڈیو میں کونسلر کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ اگر آپ بھارت سے کمائی کر رہے ہیں تو آپ کو ہندی بولنی آنی چاہیے۔رینو چوہدری افریقی شہری کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے دھمکی دیتی ہیں کہ اگر اس نے ہندی نہ سیکھی تو حکام اسے پارک میں آنے کی اجازت نہیں دیں گے، وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ شام 8 بجے کے بعد پارک بند ہونا چاہیے اور کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمی کی صورت میں یہی افراد ذمہ دار ہوں گے۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے کونسلر کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک صارف نے لکھا کہ انہیں میسی کو بھی کہنا چاہیے تھا کہ ہندی نہیں آتی تو بھارت مت آنا، کسی نے مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ بعد کونسلر فٹبال بھی سکھائیں گی۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ لوگ ہر جگہ ہندی کیوں مسلط کرنا چاہتے ہیں، اس سے لوگوں کے درمیان نفرت پھیلتی ہے، ایک صارف نے کہا کہ ایسے لوگوں کو ووٹ کیوں دیتے ہیں، یہ کام کرنے والے نہیں بلکہ تماشہ کرنے والے ہیں۔ کسی نے کہا کہ بارہ سال سے بچوں کی تربیت کرنے والے ایک مخلص کوچ کو ہندی کے نام پر ہراساں کرنا؟ رینو چوہدری کو اپنی تنگ نظری پر شرم آنی چاہیے۔






