عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت نہ ملنے پر آئینی ماہرین ، حزب اختلاف حیران ، فیصلے کوانصاف کے منافی قراردیا
عمر خالد کو بغیر کسی سزا کے ضمانت نہیں مل رہی اورسزا یافتہ مجرم گرمیت رام رحیم کو15ویں بار پرول پر رہائی مل گئی
نئی دہلی:بھارت میںدہلی فسادات کے کیس میں عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت پر رہا کرنے سے سپریم کورٹ کے انکار پر آئینی ماہرین اورحزب اختلاف کی جماعتوں نے حیرت کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک طرف عمر خالد کو5سال قید کے باوجود ضمانت نہیں مل رہی اور دوسری طرف سزا یافتہ مجرم گرمیت رام رحیم کو 15ویں بار پرول پر رہائی مل جاتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حزب اختلاف خاص طورپر کمیونسٹ پارٹیوں نے مقدمے کی شنوائی کے بغیر طویل قید کو ضمانت کا جواز تسلیم نہ کرنے کو حیران کن قرار دیا۔ سی پی آئی(ایم)کے جنرل سیکریٹری ایم اے بے بی نے عدالت کے اس تبصرے پر سوال اٹھایا کہ5سال سے زائد عرصے تک مقدمہ کی شنوائی کے بغیر قید نے ابھی تک ضمانت کیلئے” آئینی عدم جواز” کی حد کو عبور نہیں کیا۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اسے انصاف کا قتل قراردیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا مقدمے کی شنوائی شروع ہونے کے کسی امکان کے بغیر 5سال تک جیل میں سڑنا زندگی اور آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بی جے پی حکومت کی مخالف آوازوں کو نشانہ بنانے والی جابرانہ حکمت عملی کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران سزا یافتہ مجرم گرمیت رام رحیم سنگھ کو عدالت نے15 ویں مرتبہ پیرول دی ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں سی پی ایم کے رکن جان برٹاس نے کہا کہ” ضمانت قاعدہ ہے، جیل استثنیٰ ہے” کا اصول بعض افراد پر لاگو نہیں ہوتا۔انہوں نے ایکس پر لکھا ہے کہ ایک شخص بغیر مقدمے کے غیر معینہ مدت تک جیل میں سڑتا رہتا ہے جبکہ دوسرا بار بار جیل سے چھٹی لے کر باہر آجاتا ہے۔ سی پی آئی (ایم)نے پارٹی کی سطح پر بھی بیان جاری کرتے ہوئے عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت سے محروم رکھنے کو انصاف کے اصولوں کے خلاف قرار دیا۔ پارٹی نے کہا کہ یو اے پی اے کو اختلاف رائے کو کچلنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ سی پی آئی کے جنرل سیکریٹری ڈی راجا نے کہا کہ یہ انصاف نہیں بلکہ فیصلے کے بغیر سزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت سے انکار فوجداری نظام انصاف کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتا ہے۔ آر جے ڈی کے منوج جھا نے کہا کہ ضمانت سے انکارتشویشناک سوالات کو جنم دیتا ہے۔





