بھارت کا پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈاایک بارپھر بے نقاب

نئی دلی : بھارت کا پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا فالس فلیگ کی مکروہ تاریخ رکھنے والی مودی حکومت کے گودی میڈیا کا پاکستان مخالف من گھڑت بیانیہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گودی میڈیا نے جالندھر میں ملٹری کیمپ کے باہر دھماکے کا الزام بغیر تحقیقات اور شواہد کے پاکستان پر دھر دیا ،بھارت نے جالندھر دھماکے میں ایک نام نہاد ملزم کو گرفتار کرکے اس کا تعلق پاکستان سے جوڑ دیا۔بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا کہ جالندھر آئی ای ڈی دھماکہ پاکستان سے کال آنے پر ہوا ، گرفتار ملزم بھارتی پنجاب کا رہائشی ہے ،گودی میڈیا نے مودی کی ایما پر اندرونی خلفشار کو چھپانے کیلئے نام نہاد ملزم کا نام بھی شہزاد بھٹی بتایا۔ماہرین کے مطابق بھارت میں جاری خانہ جنگی کی صورتحال کو چھپانے کیلئے مودی حکومت ہمیشہ اپنی ناکامی کا الزام پاکستان پر دھر دیتی ہے ،توانائی بحران ، مہنگائی اور دیگر مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن اور پاکستان پر الزام تراشی بی جے پی حکومت کا وطیرہ ہے ، بھارت کا جالندھر بم دھماکے میں پاکستان کو ملوث کرنا دراصل فالس فلیگ کا تسلسل ہے جسے دنیا یکسر مسترد کرچکی ہے، عوامی حلقوں میں بھی یہ بات عام ہو چکی ہے کہ مودی حکومت انتخابات جیتنے سے لیکر اندرونی مسائل پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کرتی ہیں۔





