بھارت :کاکروچ جنتا پارٹی کانئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاوس کے قریب احتجاج

نئی دہلی:بھارت میں سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کے حامیوں اور طلباءنے نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاوس کے قریب احتجاج کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے اور مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران شرکا ءنے روایتی نعروں کے بجائے سٹیل کی تھالیاں اور چمچ بجا کر علامتی انداز میں اپنا غصہ ظاہر کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں امتحانی نظام بار بار متاثر ہوا ہے جس سے لاکھوں طلبا ءکا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو رہا ہے۔تنظیم کے بانی ابھجیت دیپکے نے سوشل میڈیا کے ذریعے حامیوں کو احتجاج میں شرکت کی ہدایت دیتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیرِ تعلیم مستعفی نہیں ہوتے تو تحریک مزید وسیع کی جائے گی۔احتجاج کی ایک بڑی وجہ گزشتہ ماہ ہونے والے قومی سطح کے میڈیکل داخلہ امتحان کا پرچہ لیک ہونا بتایا جا رہا ہے جس کے بعد امتحان ملتوی کر دیا گیا تھا۔ کاکروچ جنتا پارٹی جو ابتدا میں بے روزگاری کا مسئلہ اجاگرکررہی تھی، اب تعلیم، مہنگائی اور حکومتی احتساب جیسے وسیع تر مطالبات اٹھا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔






