اروندھتی رائے کی بھارتی حکومت پر کڑی تنقید، کہایہ بزدل اورڈرپوک ہے
نئی دہلی:عالمی شہرت یافتہ بھارتی مصنفہ اروندھتی رائے نے ایران پر امریکہ اوراسرئیل کے حملے پر خاموشی اختیار کرنے پرمودی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بزدل اور ڈرپوک حکومت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اروندھتی رائے نے دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں شرمندہ ہوں کہ ہماری حکومت کتنی ڈرپوک اور بزدل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بھارت بہت غریب لوگوں کا ایک غریب ملک ہوا کرتا تھا، لیکن ہمیں فخر تھا، ہمارے پاس عزت تھی، آج ہم ایک امیر ملک ہیں جس میں بہت غریب اور بے روزگار لوگ رہتے ہیں جن کو حقیقی کھانے کے بجائے نفرت ،جھوٹ اور زہرآلودکھانا کھلایا جاتا ہے، ہم نے وہ غرورکھودیا، ہم نے عزت اورجرات کھو دی ہے۔اروندھتی رائے نے کہاکہ ہم کس قسم کے لوگ ہیں کہ جب امریکہ دوسرے ممالک کے سربراہان مملکت کو اغوا اور قتل کر دیتاہے، تو ہماری منتخب حکومت ا س کی مذمت تک نہیں کر سکتی ؟ کیا ہم یہ پسند کریں گے کہ ہمارے ساتھ ایسا کیا جائے؟ ہمارے وزیر اعظم نے ایران پر حملے سے چند دن پہلے اسرائیل کا دورہ کیا اور بنیامین نیتن یاہو کو گلے لگا لیا – اس کا کیا مطلب ہے؟ انہوں نے کہاکہ امریکی سپریم کورٹ نے صدر ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی کو غیر قانونی قراردیا اورہماری حکومت امریکہ کےساتھ تجارتی معاہدے کرتی ہے جس میںہمارے کسانوں اور ٹیکسٹائل صنعت کو بیچ دیا جاتا ہے، اس کا کیا مطلب ہے؟انہوں نے کہاکہ اب ہمیں روس سے تیل خریدنے کے لئے امریکہ سے اجازت لینا پڑتی ہے ، اس کا کیا مطلب ہے؟اروندھتی رائے نے کہا کہ بھارت کی حکومت نے غزہ میں نسل کشی کے عروج پر بے دخل کئے گئے فلسطینی کارکنوں کی جگہ لینے کے لئے ہزاروں غریب بھارتی کارکنوں کو اسرائیل بھیجا اور آج جب اسرائیلی بنکروں میں پناہ لیتے ہیں توبھارتی کارکنوں کو ان پناہ گاہوں میں جانے کی اجازت نہیںدی جارہی ہے۔







