بھارت میں طلباءکا احتجاج جاری، بہار میں سول سروسز کے امیدوار سڑکوں پر نکل آئے
حکومت جواب دہی سے بچنے کے لیے پولیس کا استعمال کررہی ہے:راہول گاندھی

نئی دہلی :بھارت میں نظام تعلیم کی بدحالی ، بھرتیوں میں بے ضابطگیوں اور امتحانات میں شفافیت کے فقدان کے خلاف طلباءکا احتجاج شدت اختیار کرتاجارہا ہے جبکہ ریاست بہار میں سول سروسز کے امیدوار اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی جریدے ”دکن ہیرالڈ“کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ طلباءطویل عرصے سے بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، امتحانات میں تاخیر اور پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ امتحانی عمل کو شفاف بنایا جائے اور نوجوانوں کو میرٹ پر مواقع فراہم کیے جائیں۔رپورٹ کے مطابق اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے بی پی ایس سی امتحانی تنازعے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت جواب دہی سے بچنے کے لیے پولیس کا استعمال کررہی ہے۔دکن ہیرالڈ نے احتجاج سے متعلق اپنے تجزیے میں پولیس کارروائی کو بی جے پی حکومت کے طرز حکمرانی اور رویے پر ایک سوال قرار دیا ہے۔دوسری جانب احتجاجی طلباءکا کہنا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، واٹر کینن اور گرفتاریوں کا سہارا لیا۔ شہریوں کی جانب سے بھی پولیس کے تشدد اور گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔احتجاجی رہنما امن کمار کا کہنا ہے کہ تعلیمی نظام کی بدحالی اور پیپر لیکس اسکینڈلز کے خلاف نوجوانوں کی تحریک ہرصورت جاری رہے گی ۔







