بہار: مسلمان شخص کی پولیس حراست میںموت، اہلخانہ کا مجرم اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

پٹنہ: بھارتی ریاست بہار کی ایک جیل میں ایک 53 سالہ مسلمان شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔متوفی کے اہلخانہ اور حزب اختلاف کے رہنماوں نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے ضلع گوپال گنج کے گاوں بلہا کے رہائشی ارشاد عالم پاسپورٹ فراڈ کا الزام لگایا تھا اور گرفتار کر کے گوپال گنج کی ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا تھا۔ جہاں اسکی موت ہوئی ہے ۔ پولیس نے کہا ہے کہ ارشاد کی موت طبیعت خراب ہونے کے باعث ہوئی ۔تاہم اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے انکے پیارے کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا ۔ انہوںنے کہا کہ گرفتاری کے وقت ارشاد کی صحت ٹھیک تھی اور عدالت میں پیش کرنے سے قبل پولیس نے اس پر بہیمانہ تشدد کیا۔ارشاد کے بھائی پرویز عالم نے بتایا کہ پولیس نے ان سے 50ہزار رشوت بھی طلب کی ، وہ میرے بھائی کو دہشت گرد بھی کہتی رہی اور ہم پررقم کا بندوبست کرنے کے لیے دباو ڈالتی رہی۔انہوںنے کہا کہ ارشاد کو عدالتی میں پیش کرنے سے قبل دو روز تک حراست میں رکھاگیا، اس دوران اسے ڈرایا دھمکایا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیاجس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہو گئی۔غمزدہ اہلخانہ نے مجرم پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔







