تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا: دیویندر سنگھ
سرینگر02اکتوبر (کے ایم ایس)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل کی قیادت میں ایک پارٹی وفد نے مسلم لیگ کے رہنما فاروق احمد توحیدی سے ملاقات کی جو طویل نظر بندی کے بعدحال ہی میںجیل سے رہا ہوئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل نے مسلم لیگ کے رہنما سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری تحریک آزادی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایڈوکیت بہل نے کہا کہ جیل کی صعوبتوں اور دیگر بھارتی مظالم سے کشمیری رہنماﺅں کو اپنے نظریے سے ہٹایا نہیںجاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کررکھا ہے۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ بھارت نے اپنی نو لاکھ فوج کشمیریوں کے سروں پر مسلط کررکھی ہے اور خطے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔فاروق احمد توحیدی نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری نظر بندوں پرشدید تشدد کیاجاتا ہے تاکہ وہ تحریک آزادی سے دستبردار ہوسکیں تاہم کشمیری حریت رہنما ﺅں اور کارکنوں کے حوصلوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف موثر مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ وفد میں سوشل پیس فورم کے جنرل سیکرٹری جیتندر سنگھ، سیکرٹری کولجیت سنگھ، مہندر سنگھ اور اوتار سنگھ شامل تھے ۔