دہلی پولیس کی گوردوارہ بنگلہ صاحب کی بے حرمتی پر سکھ یونائٹڈ فرنٹ کا اظہارِ برہمی
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سکھ یونائیٹڈ فرنٹ نے احتجاج کے دوران دہلی پولیس کی طرف سے گوردوارہ بنگلہ صاحب کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سکھ یونائیٹڈ فرنٹ کے چیئرمین درشن سنگھ وزیر نے جموں میں مختلف سکھ تنظیموں کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پولیس اہلکار جوتوں سمیت اور سر ڈھانپے بغیر گوردوارے کے مقدس احاطے میں داخل ہوئے، جس سے سکھ برادری کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
درشن سنگھ وزیر نے کہا کہ گوردوارہ عبادت کا مقدس مقام ہے اور اس کی مذہبی روایات کا احترام سب پر لازم ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو آئینی اقدار کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے دہلی پولیس کی کارروائی پر بھی تنقید کی۔ ان کے مطابق، پولیس نے خواتین، نوجوانوں، صحافیوں اور سپریم کورٹ کے وکلا سمیت متعدد افراد کو بلاامتیاز حراست میں لیا۔
پریس کانفرنس میں دربندر سنگھ، موہندر سنگھ، راجندر سنگھ، رویندر سنگھ، کلونت سنگھ، چرن سنگھ بالی، چرنجیت سنگھ، پرمجیت سنگھ رائنا، پرمجیت سنگھ، کلدیپ کور اور سریندر سنگھ دت سمیت دیگر سکھ رہنما بھی موجود تھے۔









