27 اکتوبر یوم سیاہAPHC-AJK

27 اکتوبر ’’یومِ سیاہ‘‘: بھارتی فوجی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، کشمیری رہنماؤں کی پریس کانفرنس

May be an image of one or more people and textمظفرآباد: 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ جما لیا۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری حسبِ سابق اس مرتبہ بھی 27 اکتوبر کو بھرپور طریقے سے یومِ سیاہ مناتے ہوئے بھارتی قبضے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ اس روز سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے، احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دارالحکومت مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور لبریشن سیل کے اشتراک سے یومِ سیاہ کے سلسلے میں ریلی اور مظاہرہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری پرویز شاہ ایڈووکیٹ، چیئرمین پاسبانِ حریت جموں و کشمیر عزیر احمد غزالی، سینٹرل پریس کلب کے سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی، حریت رہنما راجہ شاہین اور لبریشن سیل کے محمد ہارون نے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف اپنی فوجیں اتار کر ریاست جموں و کشمیر پر فوجی قبضے کا آغاز کیا۔ اس غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری عوام گزشتہ 79 برس سے جدوجہد کر رہے ہیں اور حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

پرویز شاہ ایڈووکیٹ نے مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تقسیمِ برصغیر کے وقت ریاست جموں و کشمیر کی الگ ریاستی حیثیت تھی، جبکہ اس کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات اور حقِ خودارادیت کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوجوں کی آمد نے خطے میں ایک ایسے تنازع کو جنم دیا جو آج تک حل طلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال، سیاسی پابندیاں اور کشمیریوں کی شناخت سے متعلق خدشات عالمی توجہ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین پاسبانِ حریت جموں و کشمیر عزیر احمد غزالی نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیریوں کے لیے یومِ سیاہ ہے، کیونکہ اس روز بھارتی فوجی مداخلت کے نتیجے میں ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی آزادانہ مرضی کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ، تقسیمِ برصغیر کے حالات اور اس کے بعد پیش آنے والے واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔

عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے قبضے کو دوام دینے کے لیے مختلف سیاسی، آئینی اور انتظامی اقدامات کیے، جبکہ 5 اگست 2019 کے بعد آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے خدشات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح تک پہنچانے اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سینٹرل پریس کلب کے سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف کسی ایک جماعت یا تنظیم کا نہیں بلکہ پوری قوم کا اجتماعی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد، ان کی قربانیاں اور پاکستان کی حمایت اس تنازع کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے صحافتی برادری پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے واقعات اور عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرے۔

حریت رہنما راجہ شاہین نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے اقدامات کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ رائے کے احترام سے ہی ممکن ہے۔

آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان محمد ہارون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک قومی اور اجتماعی معاملہ ہے اور اس سلسلے میں حکومتِ پاکستان اور حکومتِ آزاد کشمیر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 27 اکتوبر کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں اور پُرامن انداز میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button