ؓبھارت میں ”ایس آئی آر“ کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ”یو ایس سی آئی آرایف“
واشنگٹن: امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے کہا ہے کہ بھارت نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا عمل تیز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر سے کروڑوں افراد کے نام فہرستوں سے خارج کر دیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیشن کے سربراہ آصف محمود نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مسلمان شہریوں کو ووٹر فہرستوں سے نکال کر انہیں ‘غیر ملکی’ قرار دے کر اور اب غیر قانونی طور پر ملک بدر کر کے نشانہ بنا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھارت کے مسلمانوں کو ‘درانداز’ قرار دیا ہے جنہیں ملک سے نکال دیا جانا چاہیے۔امیت شاہ نے2 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ اس ‘خصوصی نظرثانی ‘ عمل کے دوران جن تین کروڑ ووٹروں کے نام ہٹائے گئے ہیں، وہ "بنگلہ دیشی درانداز” تھے۔
نظرثانی کے عمل کے ذریعے اب تک تقریباً 13 کروڑ ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں سے ہٹائے جا چکے ہیں، جو بھارت کی تاریخ میں اس نوعیت کا سب سے بڑا اخراج ہے۔ دستیاب اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس عمل سے مسلمانوں کو غیر متناسب طور پر زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ یہ صورتحال وزیر اعظم نریندر مودی کی بی جے پی حکومت جو 2014 میں اقتدار میں آئی تھی کے دور میں امتیازی پالیسیوں اور مذہبی ظلم و ستم کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان سامنے آئی ہے۔
بھارتی حزب اختلاف نے بھی ناموں کے اخراج پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے تقریباً 13 کروڑ ووٹروں کے نام دانستہ طور پر انتخابی فہرستوں سے نکال دیے گئے ہیں۔
امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے اپنے کمشنر جین ملز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کا "اپنے ہی شہریوں کو، ان کے مسلمان عقیدے کی بنیاد پر ملک بدر کرنا، مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والے ہتھکنڈوں میں ایک انتہائی تشویشناک اضافہ ہے۔”
ملز نے امریکی محکمہ خارجہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو، مذہب یا عقیدے کی آزادی کی "منظم اور سنگین” خلاف ورزیوں کی بنا پر، "خصوصی تشویش والا ملک قرار دے۔ کمیشن نے اپنی 2026 کی سالانہ رپورٹ میں بھی یہ سفارش کی تھی کہ امریکی محکمہ خارجہ (اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) بھارت کو "مذہبی آزادی کی منظم، جاری اور سنگین خلاف ورزیوں” میں ملوث ہونے کی بنا پر ‘خصوصی تشویش والے ملک کے طور پر نامزد کرے۔
اقوام متحدہ کے ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی مودی کے دورِ حکومت میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کا پہلا مرحلہ گزشتہ برس بہار میں مکمل کیا گیا۔ بعد ازاں، 2025 کے اواخر اور 2026 کے پہلے نصف میں اس عمل کو 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک بڑھا دیا گیا۔ تیسرا مرحل، جس کا دائرہ کار 19 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک ہے، فی الحال جاری ہے۔
جب سے یہ عمل شروع ہوا ہے، خدشات میں اضافہ ہوا ہے کہ اس نظر ثانی کے نتیجے میں حقیقی ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج ہو سکتے ہیں، جس سے ممکنہ طور پر انتخابی نتائج بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
حزب اختلاف کی جماعتوں بشمول نوجوانوںکی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کی طرف سے پورے بھارت میں ”ایس آئی آر“ کے متنازعہ عمل کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں جن میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ یہ احتجاج الیکشن کمیشن کے کام کرنے کے انداز اور ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کے عمل میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کے حوالے سے خدشات کی بنا پر کیا جا رہا ہے۔







