مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں 6 نومبر کو یومِ شہدائے جموں منایا جائے گا
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 6 نومبر، بروز جمعرات، یومِ شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ شہدا کے مشن کو حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ افواج، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔ کشمیری عوام ہر سال 6 نومبر کو سانحہ جموں کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ شہدائے جموں مناتے ہیں۔
اس تاریخی دن کی یاد میں کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں تقریبات کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے چھوٹے بڑے شہروں اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعرات کے روز بھارت مخالف مظاہرے، سیمینارز اور دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
مختلف سماجی، سیاسی، مذہبی اور عوامی نمائندہ تنظیموں کے زیرِ اہتمام خصوصی دعائیہ تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
دن کا آغاز مساجد میں نمازِ فجر کے موقع پر خصوصی دعاؤں سے ہوگا، جن میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی اور پاکستان و آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی۔
مختلف مقامات پر سماجی، سیاسی اور عوامی نمائندہ تنظیموں کے زیرِ اہتمام شہدائے کشمیر کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی جائے گی۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے شہدائے جموں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ شہدائے جموں کے موقع پر کشمیری عوام تحریکِ آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کریں گے۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک مقدس مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی منزل حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔








