وزیر اعظم مودی غیر ملکی مدد سے وزیر اعظم بنے، راہل گاندھی
حالیہ گمراہ کن بیان پر راہل گاندھی کا نریندر مودی کو کھلی بحث کا چیلنج
نئی دہلی: بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے حالیہ گمراہ کن بیان پر وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کھلی بحث کا چیلنج دیا ہے۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے غیر ملکی مدد سے اقتدار حاصل کیا اور اپنے غیر ملکی آقاؤں کی مدد سے ہی وہ اس عہدے پر برقرار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نریندر مودی ملک کو تقسیم کرنے کی سازشوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے میں ملوث ہیں۔
راہل گاندھی نے لکھا کہ نریندر مودی غیر ملکی مدد سے وزیر اعظم بنے اور اسی مدد سے عہدے پر قائم ہیں۔ ملک کا مالیاتی نظام غیر ملکی عناصر کے کنٹرول اور حمایت میں ہے، جبکہ غیر ملکی سوشل میڈیا بھی مودی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو کھلی بحث کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی وقت مباحثے کے لیے تیار ہیں۔
تاہم، کانگریس رہنما نے کہا کہ مودی یہ چیلنج قبول نہیں کریں گے، کیونکہ وہ ان باتوں سے خوفزدہ ہیں جو وہ ان کے بارے میں جانتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی خبر کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے، جن میں وزیر اعظم کے بیان کی تفصیلات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے گجرات کے ضلع نرمدا کے ایکتا نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کی تحریک میں غیر ملکی فنڈنگ اور غیر ملکی عناصر کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اپوزیشن ملک کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ اس بیان کے بعد راہل گاندھی نے نریندر مودی کو کھلی بحث کا چیلنج دیا ہے۔






