مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر فوجی چھائونی میں تبدیل، کشمیریوں کومسلسل سراسانی اور گرفتاریوں کا سامنا

سرینگر: غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کو ایک وسیع فوجی اور پولیس چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں کشمیری عوام کو مسلسل ہراسانی، گرفتاریوں اور قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے اگست 2019 میں دفعہ 370اور 35اے کی یکطرفہ اور غیر قانونی منسوخی کے بعد ہزاروں کشمیری اپنے روزگار اور ذرائع معاش سے محروم ہو چکے ہیں۔مقبوضہ علاقے میں قابض فوج اور پولیس کی بڑھتی ہوئی مداخلت نے شہری زندگی کو برح طرح متاثر کیا ہے۔مقبوضہ علاقے میں کشمیری خواتین کے اغوا اور انہیں مختلف طریقوں سے نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے بھی سنگین خدشات سامنے آ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بعض بھارتی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور فورسز کے کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وادی کشمیر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال نے نوجوان نسل کے مستقبل کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ منشیات کا پھیلائو کشمیری معاشرے کے لیے ایک سنگین سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔کشمیری عوام کے مطابق، بھارتی اقدامات کا بنیادی ہدف ان کی علیحدہ شناخت، سیاسی جدوجہد اور حق خودارادیت کی آواز کو کمزور کرنا ہے۔ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق مانگ رہے ہیں۔بی جے پی حکومت نے فوجی طاقت اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ اس پالیسی کے تحت ان کے بنیادی حقوق، سیاسی آزادیوں اور تشخص کو محدود کیا جا رہا ہے۔نیشنل کانفرنس حکومت کو بھی محض علامتی اور بے اختیار حکومت قرار دیا جا رہا ہے۔ اہم انتظامی اور سکیورٹی معاملات کا اختیار بدستور بھارتی حکومت، لیفٹیننٹ گورنر اور بھارتی وزارت داخلہ کے پاس ہے۔ اس صورتحال نے منتخب حکومت کی انتظامی خودمختاری اور عملی اختیارات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔مسلسل گرفتاریوں، پابندیوں اور ریاستی جبر کا سامنا کرنے والے کشمیری عوام نے عالمی برادری، بالخصوص امریکہ، چین، اسلامی تعاون تنظیم اور یورپی یونین سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل کے لیے موثر سفارتی کردار ادا کریں۔کشمیری عوام کا مطالبہ ہے کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔حل طلب تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری صلاحیت کے حامل ممالک ہیں، اس لیے کسی بڑی فوجی محاذ آرائی کے نتائج پورے خطے اور عالمی امن کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عملی اقدامات کرے، تاکہ خطے کو ممکنہ تباہ کن تصادم اور انسانیت کو جوہری جنگ کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button