کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ
سرینگر04فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے بھارت کے ناجائز اور جبری تسلط سے آزادی کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ اور مقامی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نام جاری ایک خط میں کہا کہ کشمیر کے محکوم عوام بھارتی سامراج کے زیر تسلط جہنم جیسی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں تعینات 10لاکھ سے زائدبھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے باعث تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مناکرقومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اپنی مخلصانہ اورسنجیدہ کوششیں کرر ہا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ پاکستان بطورایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے جمہوری اور پرامن فارمولے کے طور پرکشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ کشمیری عوام کشمیر کاز کی مخلصانہ حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے بے حد مشکور ہیں ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں چوہدری شاہین اقبال اور حکیم عبدالرشید نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام 5فروری کو پاکستان کے عوام کی کوششوں اور کشمیر کاز کیلئے ان کی خدمات پر انکا شکریہ ادا کرنے کیلئے یوم تشکر کے طورپر منائیں گے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء عبدالصمد انقلابی نے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی مخلصانہ کوششوں اور حقیقت پسندانہ سوچ کا خیرمقدم کیا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء امتیاز وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی کوششیں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔