بوسیدہ گوشت کی برآمدگی سے قابض انتظامیہ کی ناکامی بے نقاب ہوگئی:آغا حسن موسوی
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام ریلوے اسٹیشن پر تقریباً 1,600 کلوگرام بوسیدہ گوشت ضبط کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انتظامیہ کے نگرانی کے نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے گزشتہ سال ایسے ہی واقعات کے بعد حکام کی جانب سے کیے گئے کھوکھلے وعدوں پر بھی تنقید کی ۔ گزشتہ سال وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ گوشت کی برآمدگی کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جس کے بعد حکام نے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
آغا حسن نے سوال اٹھایا کہ ان یقین دہانیوں کے باوجود بوسیدہ گوشت کی اتنی بڑی کھیپ جموں و کشمیر کیسے پہنچ گئی؟ انہوں نے گزشتہ واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کیں۔انہوں نے حالیہ برآمدگی کی جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ گوشت کی کھیپ کے اصل ذرائع کا پتہ لگایا جائے، اس کی نقل و حمل کے راستوں کا سراغ لگایا جائے، اس کے ممکنہ وصول کنندگان کی نشاندہی کی جائے اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے۔انہوں نے گزشتہ سال کے واقعات میں کی گئی کارروائی کا ازسرنو جائزہ لینے اور کسی قسم کی کوتاہی سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ حکام کا احتساب کرنے پر بھی زور دیا۔
انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے قابض انتظامیہ پر زور دیا کہ ریلوے اسٹیشنوں، شاہراہوں اور دیگر داخلی راستوں پر مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ گوشت کی تمام کھیپوں کی لازمی جانچ پڑتال، ویٹرنری سرٹیفکیٹس کی تصدیق اور کولڈ چین کے تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے وادی میں غیر محفوظ گوشت کی ترسیل روکنے کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ گوشت کی فراہمی اور فروخت کے ذریعے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔آغا حسن نے کہا کہ حکام کو محض یقین دہانیوں سے آگے بڑھ کر عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔









