World

امریکہ کی ایرانی تیل کی ترسیل میں سہولت کاری پر بھارتی نیٹ ورک پر پابندیاں عائد

واشنگٹن : امریکی محکمہ خزانہ نے ان بھارتی افراد اور ان سے منسلک کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بحری جہازوں کی جعلی رجسٹریشن اور سرٹیفکیشن کے ذریعے پابندیوں کا شکار ایرانی آئل ٹینکرز کو بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ اقدام ایران کی پیٹرولیم آمدنی کو محدود کرنے کی امریکی مہم کا حصہ ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے 4نومبر 2026کو آپریشن اکنامک آٹ کاسٹ کے تحت ان پابندیوں کا اعلان کیا۔ اس کارروائی میں چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے سنیل کمار شرما اور ان کی اہلیہ جسپریت پریتی شاہد کو نشانہ بنایا گیا۔ دو دیگر بھارتی شہریوں اشونی کمار دھیمان اور اشوندر سنگھ کو بھی نیٹ ورک سے مبینہ روابط کی بنا پر پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔
محکمہ خزانہ نے نو منسلک اداروں کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جن میں اوشینیک ٹیک انڈیا، آریہ ورت شپ مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایسواتینی میری ٹائم افیئرز اینڈ انٹرنیشنل شپ رجسٹری پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ سنگاپور میں رجسٹرڈ ایسواتینی میری ٹائم پر الزام ہے کہ اس نے ایرانی پیٹرولیم کی ترسیل کرنے والے جہازوں کو فلیگنگ کی خدمات فراہم کیں، حالانکہ ایسواتینی حکام اس رجسٹری سے لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں۔ اس نیٹ ورک نے مبینہ طور پر جعلی بحری رجسٹریاں قائم کیں جو گیانا، اروبا، نکاراگوا، سینٹ مارٹن اور ایسواتینی سمیت مختلف علاقوں کی نمائندگی کا دعویٰ کرتی تھیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے پابندیوں کا شکار آئل ٹینکرز لطافہ (LATTAFA)، بائنری اسٹار (BINARY STAR)اور ویرا (VERA)کی نشاندہی ان جہازوں کے طور پر کی جنہیں اس نیٹ ورک کے ذریعے جعلی پرچم فراہم کیے گئے۔ امریکہ کاکہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کی معاونت حاصل کرنے والے بعض جہاز ایران کی فوج اور اس سے وابستہ گروہوں کی جانب سے کام کر رہے تھے۔
یہ پابندیاں ایک ایگزیکٹو آرڈر کے تحت عائد کی گئیں جو ایرانی معیشت کے اہم شعبوں بشمول پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکلز کو ہدف بناتا ہے۔ ان اقدامات کے تحت امریکی دائر اختیار میں موجود نامزد فریقین کی جائیداد اور مالی مفادات منجمد کر دیے گئے اور امریکی شہریوں کو عمومی طور پر ان کے ساتھ لین دین سے منع کر دیا گیا۔
محکمہ خزانہ نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی جس میں بحری آپریٹرز اور کاروباری اداروں کو جعلی پرچم والے جہازوں کے ساتھ معاملات کے خطرات سے خبردار کیا گیا۔ اس کارروائی میں ایران کے پابندیوں سے بچا ئوکے نیٹ ورک کے لیے بھارت میں قائم سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اس سے بین الاقوامی بحری خدمات سے وابستہ کمپنیوں پر بھارتی ریگولیٹری نگرانی کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں۔ اس سے بین الاقوامی پابندیوں کی زد میں آنے والی سرگرمیوں میں بھارت میں رجسٹرڈ کارپوریٹ اداروں کے استعمال پر خدشات جنم لیتے ہیں۔ بھارت کی بین الاقوامی کاروباری اور بحری ساکھ پر اس کے ممکنہ سفارتی اور معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ یہ اقدام ان ممالک اور نجی اداروں پر امریکی دبا وکی عکاسی کرتا ہے جن پر ایران کے ساتھ تجارتی روابط برقرار رکھنے کا الزام ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button