مقبوضہ جموں وکشمیر: سرینگر میڈیکل کالجوں کے ڈاکٹروں، غیر جریدہ ملازمین کی ہڑتال جاری
”مشن سٹیٹ ہڈ“کے کارکنوں کا بے روزگاری کے خلاف مظاہرہ
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سرکاری میڈیکل کالجوں کے ڈاکٹروں اور غیر جریدہ ملازمین کی اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال مسلسل جاری ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گوئمنٹ میڈیل کالج سرینگر کے پوسٹ گریجویٹ اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے بھی وظیفہ میں فوری اضافے اور یگر مطالبات پر زور دینے کیلئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی ہے۔ احتجاجی کرنے والے ڈاکٹروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے مطالبات فوری طور پر حل کرے۔ جی ایم سی سری نگر کے ایک پی جی ڈاکٹر موہت چودھری نے کہاحکومت کو طویل عرصے سے زیر التواء وظیفہ شکایات کو مزید تاخیر کے بغیر حل کرنا چاہیے۔
دریں اثنا ”مشن اسٹیٹ ہڈ“کے کارکنوں نے تنظیم کے صدر سنیل ڈمپل کی قیادت میں جموں میںایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف نعرے لگائے اور، نمبرداروںاور چوکیداروں کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔ سنیل ڈمپل نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ کچھ سرکاری ملازمین ایسے بھی ہیں جو گزشتہ 5 سے 8 ماہ سے بغیر کسی تنخواہ کے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 50 سالوں سے نمبرداروں اور چوکیداروں کو تنخواہ کی مد میں صرف 1500 روپے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی شرح پورے بھارت سے سب سے زیادہ ہے۔







